نیلم (راجہ ساجد) محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام پیغام پاکستان سیمینارز کی سیریز کے سلسلے میں دوسرا سیمینار بعنوان ’’قومی یکجہتی اور ملکی ترقی میں نوجوانوں کا کردار‘‘ بوائز ڈگری کالج شاردہ کے ہال میں منعقد ہوا۔ سیمینار میں تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات، اساتذہ، پاک فوج کے افسران اور معززین علاقہ نے بھرپور شرکت کی۔
سیمینار میں بوائز مڈل سکول سالک آباد، بوائز ہائی سکولز تہجیاں، دوسٹ، خواجہ سیری اور شاردہ، گرلز مڈل سکول کھریگام، گرلز ہائی سکول شاردہ اور گرلز ہائی سکول خواجہ سیری کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ شریک ہوئے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ رفیق صمد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں محترمہ شیما میر، تہجیاں اور شاردہ کے کمانڈنگ آفیسران، پروجیکٹ منیجر لوکل گورنمنٹ شاردہ مرکز خواجہ غلام رسول، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ سردار تبسم سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں۔ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں نوجوان نسل کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو تعلیم، تحقیق، مثبت سرگرمیوں اور قومی تعمیر و ترقی کے لیے بروئے کار لائیں۔ مقررین نے کہا کہ قومی یکجہتی کسی بھی ملک کی مضبوطی اور ترقی کی بنیاد ہے۔
علاقائی، لسانی، مذہبی اور دیگر اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک قوم کی حیثیت سے آگے بڑھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان کی بقا، سلامتی اور ترقی کیلئے اتحاد، اتفاق، برداشت، رواداری اور باہمی احترام کے جذبے کو فروغ دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان کا بنیادی مقصد معاشرے میں امن، برداشت، بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے پیغام کو عام کرنا ہے۔
نوجوان نسل کو انتہا پسندی، نفرت انگیز رویوں، منفی پروپیگنڈے اور سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال سے محفوظ رکھتے ہوئے انہیں مثبت سوچ، تعمیری مکالمے اور ذمہ دارانہ شہری کردار کی طرف راغب کرنا ضروری ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ جدید دور میں تعلیم کے ساتھ ساتھ سائنسی علوم، ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مہارتوں، تحقیق اور فنی تربیت کا حصول بھی ناگزیر ہے۔
نوجوان اپنی محنت، قابلیت اور تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف اپنی زندگی بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے اور پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ نظم و ضبط، اخلاقی تربیت، قومی ذمہ داریوں اور کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں۔
اساتذہ اور والدین بھی نوجوان نسل کی درست سمت میں رہنمائی کرتے ہوئے ان میں حب الوطنی، خدمت خلق اور قومی تشخص کا جذبہ پیدا کریں۔
مقررین نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، قومی اداروں اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد اور یکجہتی ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔
نوجوانوں کو ملک کے دفاع، امن و امان اور قومی ترقی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا شعور حاصل کرنا چاہیے۔
سیمینار میں نوجوانوں کو پیغام دیا گیا کہ وہ اپنی توانائیاں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں صرف کریں، علم کو اپنا ہتھیار بنائیں اور قومی اتحاد و ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
آخر میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں ایسے سیمینارز اور آگاہی پروگرامز کا انعقاد نوجوان نسل میں قومی شعور، حب الوطنی، امن، برداشت اور اتحاد کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔




