احمد رضا قادری کے کالعدم ایکشن کمیٹی سے متعلق سنسنی خیر انکشافات، کئی دعوے بے نقاب کردیئے

آزادکشمیر اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری نے کہا ہے کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا شرپسند گروہ اپنے مخصوص مقاصد کے لیے لوگوں کو یرغمال بنا کر، ان کے ذہنوں میں زہر بھر کر اور سوشل میڈیا کی منفی طاقت کو استعمال کرکے انتشار پھیلا رہا ہے۔

ایک ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں احمد رضا قادری نے کالعدم ایکشن کمیٹی کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات ہیں اور کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کارندوں کے کئی دعوے بے نقاب کردیئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں؛کالعدم ایکشن کمیٹی ،انتشار پھیلانے کی سازش بے نقاب

  احمد رضا قادری نے کہا کہ ایکشن کمیٹی کے نام پر سرگرم ایک شرپسند گروہ کے جائز اور ناجائز مطالبات، جن کےناجائز مطالبات کی تعداد زیادہ ہے، حکومت آزاد کشمیر اور حکومت پاکستان کی جانب سے 3 مرتبہ تسلیم کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 3 مرتبہ اپنے مطالبات منوانے کے بعد اس گروہ میں یہ احساس پیدا ہو گیا ہے کہ وہ ایک ایٹمی ملک کو بھی اپنی بات ماننے پر مجبور کر سکتا ہے، اس لیے اب وہ سمجھتا ہے کہ ہر مرتبہ اس کی کامیابی یقینی ہوگی۔

احمد رضا قادری نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں نے ایک مبینہ سازش کا سراغ لگایا تھا، جس کے تحت اپریل میں برطانیہ میں جموں و کشمیر ہیومن رائٹس آبزرویٹری کے نام سے ایک این جی او رجسٹر کی گئی۔

ان کے مطابق اس تنظیم کو بنانے والا کشمیری نژاد وکیل ہے جو اسٹوڈنٹ ویزے پر برطانیہ گیا تھا اور اس نے وہاں سیاسی پناہ کی درخواست دے رکھی ہےجبکہ تنظیم کے مبینہ سہولت کاروں میں بھارتی بیس کے اہلکار اور بھارتی اخبارات کے نمائندے شامل تھے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ اس تنظیم کے قیام کا مقصد جون میں آزاد کشمیر میں انتشار پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کو آگے بڑھانا تھا۔

ڈپٹی اسپیکر نے دعویٰ کیا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے دھرنے میں بنیادی طور پر چند سو افراد شریک ہوتے ہیں، تاہم جب کسی بڑے اجتماع یا احتجاج کا مظاہرہ کرنا ہو تو خواتین اور بچوں کو بھی جمع کرلیا جاتا ہے۔

ان کے بقول خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اور اس طرح چار سے 5 ہزار افراد کا مجمع دکھایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی صورتحال کے باعث بعض نشستوں پر انتخابات بھی نہیں کرائے جا سکے کیونکہ ریاست انسانی جانوں کے نقصان اور کسی ممکنہ تصادم سے بچنا چاہتی ہے۔

احمد رضا قادری کا کہنا تھا کہ ریاست کی جانب سے تحمل کا مظاہرہ اس لیے کیا جا رہا ہے کہ کسی معصوم شہری کی جان ضائع نہ ہوجبکہ ان کے بقول احتجاج کرنے والے بعض عناصر تصادم اور خونریزی چاہتے ہیں تاکہ بعد میں مظلومیت کا بیانیہ پیش کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں؛کالعدم ایکشن کمیٹی کے دھرنے میں 200 سے 300 مسلح شرپسند عناصر کی موجودگی کا انکشاف

کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے احتجاج کو پرامن قرار دینے کے دعوے کے جواب میں احمد رضا قادری نے کہا کہ اگر یہ احتجاج پرامن ہے تو پھر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی شہادتوں اور زخمی ہونے کے واقعات کی وضاحت کون کرے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس 6 جون سے 2 روز قبل تک کا ڈیٹا موجود ہے، جس کے مطابق مجموعی طور پر قانون نافذ کرنے والے 33 اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔

ان کے مطابق آزاد کشمیر پولیس کے چار اہلکار شہید ہوئے، جبکہ ایک سب انسپکٹر کی لاش کی بے حرمتی کی گئی۔ اس اہلکار کا پیٹ چاک کرکے انتڑیاں اور دیگر اعضا باہر نکالے گئے اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی۔

احمد رضا قادری نے کہا کہ پنجاب پولیس کا ایک، پاکستان رینجرز کے 5، فیڈرل کانسٹیبلری کے 3 اور پاکستان آرمی کے 3 اہلکار شہید ہوئے جبکہ اسلام آباد پولیس کے 9 اہلکار، آزاد کشمیر پولیس کے 180، فیڈرل کانسٹیبلری کے 35، پاکستان رینجرز کے 10، انٹیلی جنس بیورو، انتظامیہ اور پی ڈبلیو ڈی کا ایک، ایک اہلکار زخمی ہوا۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران سرکاری اہلکاروں کو اغوا کرنے کے واقعات بھی پیش آئے اور اب تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 55 اہلکاروں کو اغوا کیا گیا، جنہیں بعد میں بازیاب کرایا گیا۔

احمد رضا قادری نے آزاد کشمیر پولیس کے اہلکاروں فہیم انور، فیصل اور اکبر رشید کی شہادتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اکبر رشید ٹریفک پولیس کے اہلکار تھے اور خصوصی ڈیوٹی پر گئے ہوئے تھے۔

ان کے مطابق اکبر رشید کو شہید کرنے کے بعد ان کی لاش اٹھانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ جب ان کے ورثا لاش لینے کے لیے پہنچے تو ان کی گاڑیوں پر فائرنگ کی گئی اور پیدل لاش لے جانے کی کوشش کرنے والے اہل خانہ کا راستہ بھی روکا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شہدا کی لاشوں کی بے حرمتی اور ان کے اہل خانہ کو آخری رسومات کی ادائیگی سے روکنا انتہائی افسوسناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلامی تعلیمات میں تو دشمن کی لاش کی بے حرمتی سے بھی منع کیا گیا ہے، لیکن ان واقعات میں شہید اہلکاروں کی لاشوں کے ساتھ بھی توہین آمیز سلوک کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اسپتالوں کا احترام کیا جاتا ہے اور جنگی حالات میں بھی اسپتالوں پر حملہ جنگی جرم تصور ہوتا ہے، لیکن ان مظاہرین نے سی ایم ایچ اسپتال راولاکوٹ پر حملہ کرکے وہاں زیر علاج قانون نافذ کرنے والے اداروں کے زخمی اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا اور ان کی لاشوں کی بے حرمتی کی۔

انہوں نے کہا کہ ان واقعات کے باوجود ریاست مسلسل تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کر رہی ہے تاکہ مزید انسانی جانوں کا نقصان نہ ہو۔

ان کے مطابق اگر ریاست اپنی رٹ نافذ کرنے کا فیصلہ کرلے تو چند سو افراد 5 ماہ تک اس طرح دھرنا نہیں دے سکتے، لیکن حکومت اس لیے کارروائی سے گریز کر رہی ہے کہ احتجاج میں شامل خواتین اور بچوں سمیت دیگر معصوم افراد کو نقصان نہ پہنچے، جنہیں ان کے بقول جذباتی طور پر یرغمال بنا کر وہاں بٹھایا گیا ہے۔

 بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کے احتجاج اور اس بحران میں ان کے کردار کے حوالے سے احمد رضا قادری نے کہا کہ بعض عناصر نے جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے لوگوں کو اپنے زیر اثر کر رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛کالعدم ایکشن کمیٹی کا ریاست مخالف بیانیہ ناکام ہو چکا، شہری

انہوں نے الزام لگایا کہ سوشل میڈیا پر حقائق بیان کرنے والوں کو گالم گلوچ اور ٹرولنگ کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے بہت سے لوگ اپنا مؤقف پیش کرنے سے گریز کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک جھوٹ کو بار بار دہرایا جائے تو بعض لوگ اسے سچ سمجھنے لگتے ہیں۔ ان کے مطابق پروپیگنڈے کا مؤثر جواب نہ دینے اور اپنا موقف عوام تک نہ پہنچانے کے باعث یک طرفہ بیانیہ مضبوط ہوا ہے۔