وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ میں خاتون سے بدتمیزی کرنے والے کنڈکٹر کا ویڈیو بیان سامنے آگیا ہے، جس میں اس نے کان پکڑ کر اپنی غلطی معافی مانفتے ہوئے آئندہ ایسا نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ملزم کا ویڈیو بیان پوسٹ کیا، جس میں علی رضوان کان پکڑ کر خاتون کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو اپنی غلطی قرار دے رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:فیصل آباد،تشدد کا جواب، خاتون نے ملزم کو تھانے میں تھپڑ جڑ دیئے
ملزم نے اپنے بیان میں وعدہ کیا کہ وہ آئندہ کسی کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کرے گا۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بس میں سوار ہونے والی خاتون کو دھکا دینے کے واقعے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملازم کو نوکری سے فارغ کرنا کافی نہیں، اس سے متاثرہ خاتون کے سامنے سب کی موجودگی میں معافی بھی منگوائی جائے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کمپنی کے ملازمین کو عوام کو دھکے دینے کے لیے نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے ہدایت کی تھی کہ ملازم کو متاثرہ خاتون کے گھر لے جایا جائے اور اس سے سب کے سامنے معافی منگوائی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے پر فوری کارروائی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ڈی پی او سے بات کریں گی۔
https://t.co/Lqdv1hWl1z
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) November 13, 2026
واضح رہے کہ یہ واقعہ لاہور میں پیش آیا تھا، جہاں گرین الیکٹرک بس میں سوار ہونے والی خاتون کو کنڈکٹر علی رضوان نے دھکا دیا تھا، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی۔
اس سے قبل فیصل آباد میں بھی ایک خاتون پر تشدد کا واقعہ سامنے آیا تھا، جہاں ایک شاپنگ مال میں خواتین کے لیے مخصوص جگہ پر زبردستی داخل ہونے والے ملزم نے خاتون سیلز گرل کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کے ہنر مندی منصوبوں کی آزاد کشمیر میں بھی گونج، ٹیوٹا نے بڑا فیصلہ کر لیا
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نوٹس پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔ بعد ازاں مریم نواز نے ملزم کی گرفتاری کے بعد تھانے میں متاثرہ خاتون کی جانب سے اسے تھپڑ مارنے کی ویڈیو بھی ایکس پر شیئر کی تھی۔




