کیپٹن حسین خان شہید کا تحریک آزادی میں کردار ناقابل فراموش ہے، سردار تنویر الیاس

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا کیپٹن حسین خان شہید کے یومِ شہادت کے موقع پر خصوصی پیغام جاری ۔

سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا کہ 11 نومبر ہماری قومی تاریخ کا ایک اہم اور قابلِ فخر دن ہے جو ہمیں تحریکِ آزادی کشمیر کے عظیم سپوت کیپٹن حسین خان شہید کی بے مثال قربانیوں، جرأت، عزم اور قومی خدمات کی یاد دلاتا ہے۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ کیپٹن حسین خان شہید نے 1947ء کی جنگِ آزادی کشمیر میں انتہائی نامساعد حالات کے باوجود ڈوگرہ حکمرانوں کے خلاف جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:رٹ برقرار نہ رہی تو ریاست بھی نہیں بچے گی،وزیراعظم افتخار گیلانی

انہوں نے کہا کہ اپنی بہادری و بے مثال عزم سے آزادی کی تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش مقام حاصل کیا۔ انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے آنے والی نسلوں کو حریت، آزادی اور وطن سے محبت کا عظیم درس دیا۔

سابق وزیراعظم  نے کہا کہ کیپٹن حسین خان شہید کی جدوجہد محض ایک جنگی کردار تک محدود نہیں تھی بلکہ وہ قومی شعور، تعلیم، اتحاد اور اجتماعی بیداری کے بھی علمبردار تھے۔ ان کی زندگی اور قربانیاں آج بھی پوری قوم بالخصوص نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈی ایچ او بھمبر کاعطائی ڈاکٹروں ،غیرقانونی ادویات فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کااعلان

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ایسے عظیم قومی ہیروز کسی ایک دور یا نسل کا سرمایہ نہیں ہوتے بلکہ ان کی قربانیاں قوموں کی تاریخ اور اجتماعی تشخص کا مستقل حصہ بن جاتی ہیں۔

ہمیں اپنے ان عظیم محسنوں کی جدوجہد، افکار اور قربانیوں کو نئی نسل تک منتقل کرنے اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ کیپٹن حسین خان شہید کا نام تاریخِ کشمیر میں ہمیشہ عزت و احترام سے زندہ رہے گا۔