اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ اپنے ہیروز کو یاد رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اسلاف اور آبا و اجداد کی جدوجہد اور قربانیاں دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ مٹھی بھر آٹا تحریک تعلیم کے فروغ کیلئے ایک انوویشن تھی۔
جب میٹرک پاس کرنا مشکل تھا، اس وقت برطانیہ سے اعلیٰ تعلیم دلوانا بہت بڑی بات تھی۔ اس تعلیمی جدوجہد کے اثرات آج بھی پونچھ میں نظر آتے ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ افسوس ہے کہ معاملات اس نہج تک پہنچ گئے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں غیر ذمہ دارانہ گفتگو کا بھی بڑا کردار ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈی ایچ او بھمبر کاعطائی ڈاکٹروں ،غیرقانونی ادویات فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کااعلان
افتخار گیلانی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ویورشپ کے لیے اشتعال انگیز گفتگو کی جا رہی ہے۔کیا ہم نے یہ خواب دیکھا تھا کہ ہمارے بچے اسکول نہ جا سکیں اور مریض ہسپتال نہ پہنچ سکیں؟
انہوں نے کہا کہ آزاد جموں کشمیر میں بہترین انفراسٹرکچر موجود ہے۔ گورننس کے مسائل ہو سکتے ہیں مگر ان کا حل انتشار نہیں۔ مطالبات غلط یا صحیح سے نہیں بلکہ جو طریقہ کار استعمال کیا گیا اس سے مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ میں بیٹھے ننانوے فیصد لوگ ہمارے اپنے ہیں ہماری صفوں میں ایسے لوگ آگئے ہیں جو لوگوں کے جذبات کو ابھار کر اپنے عزائم کیلئے استعمال کرتے ہیں۔
وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ ریاست کی رٹ برقرار نہ رہی تو ریاست بھی نہیں بچے گی۔ پونچھ سے بچیوں کے لیٹرز موصول ہوئے ہیں کہ ان کے اسکول نہیں کھل رہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی گفتگو نہیں کرنی چاہیے جس سے معاشرے میں انتشار پھیلے۔ ریاست میں امن کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ہائیکورٹ: لنگر پورہ سیٹلائٹ ٹاؤن کےکمرشل پلاٹوں کی نیلامی روک دی،حکم امتناعی جاری
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس خطے کو امن اور ترقی کی طرف لے کر جانا ہے۔ اسٹیج کو ریاست کی بہتری کیلئے استعمال کرنا چاہیے۔
افتخار گیلانی نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ میں صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہنے کی ہمت موجود ہے۔ پونچھ کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کا مجموعی ترقیاتی بجٹ 32 ارب روپے ہے۔ آزاد کشمیر کے انفراسٹرکچر، بجلی کی شرح اور شرح خواندگی صوبوں سے بہتر ہے۔
وزیر اعظم افتخار گیلانی کی سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کے زیر اہتمام بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان اور کیپٹن حسین شہید کی برسی کی تقریب میں شرکت ۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹن محمد حسین شہید نے تحریک آزادی کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا، غازی ملت سردار ابراہیم خان نے تحریک آزادی کیلئے بے مثال خدمات انجام دیں۔




