نیلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل)نگدر کے بنیادی مرکزِ صحت میں مبینہ طبی غفلت اور ناقص طبی سہولیات کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔
جہاں مبینہ طور پر غلط انجیکشن لگائے جانے کے بعد تین ماہ کی معصوم بچی حیا فاطمہ بنت محمد شفیق خان، سکنہ نگدر، کی طبیعت بگڑ گئی اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق بچی کو نگدر کے بنیادی مرکزِ صحت میں ڈاکٹر کی جانب سے انجیکشن لگایا گیا، جس کے بعد اس کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔
اہلِ علاقہ کے مطابق یہ پہلا واقعہ نہیں، بلکہ اس سے قبل بھی اسی مرکزِ صحت میں مبینہ طور پر غلط انجیکشن لگنے کے باعث ایک خاتون کی صحت متاثر ہونے کا واقعہ پیش آ چکا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سابق وزیرعاصم شریف بٹ کا ڈومیسائل جعلی قرار،سٹیٹ سبجیکٹ منسوخ
مسلسل سامنے آنے والے ان واقعات نے علاقے میں طبی سہولیات، عملے کی کارکردگی اور مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
اہلِ علاقہ اور شہریوں نے حکومتِ آزاد کشمیر، محکمہ صحت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری اور غیر جانب دارانہ نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کروائی جائیں
بچی کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اگر غفلت ثابت ہو تو ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیرصحت کا شارٹ، مڈ اورلانگ ٹرم پلان آف ایکشن طے کرنےکافیصلہ،افسران کو بڑا حکم جاری
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری طبی مراکز عوام کو علاج اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے قائم کیے جاتے ہیں، لہٰذا مریضوں کی زندگیوں سے کسی قسم کا کھلواڑ برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ نگدر کے بنیادی مرکزِ صحت میں طبی سہولیات، ادویات اور عملے کی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔




