آزادکشمیر:گیس بحران شدت اختیار کر گیا، سپلائی معطل، ریسٹورنٹس بند ہونے لگے

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزادکشمیر میں ایل پی جی گیس کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے۔

جہلم ویلی، مظفرآباد اور گردونواح میں ایل پی جی کی شدید قلت کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے لگے ۔

گیس کی عدم دستیابی کے باعث متعدد ریسٹورنٹس نے کاروبار بند کرنا شروع کر دیا ۔ گھریلو صارفین بھی کھانا پکانے کیلئے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کیپٹن حسین خان شہید کا تحریک آزادی میں کردار ناقابل فراموش ہے، سردار تنویر الیاس

تفصیلات کے مطابق گیس ڈسٹری بیوٹرز، ایجنسی ہولڈرز اور دکانداروں کی جانب سے گیس کی فروخت اور سپلائی معطل کر دی گئی ، جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ قانونی نرخوں پر گیس کی فروخت یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے، تاہم اس کی آڑ میں گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند کر دینا عوام کو بنیادی ضرورت سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔

عوامی، سماجی اور کاروباری حلقوں نے حکومت آزادکشمیر، ضلعی انتظامیہ،  اور اوگرا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی بحران کا فوری نوٹس لیتے ہوئے گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

سپریم کورٹ کے احکامات اور اوگرا کے مقررہ نرخوں پر عملدرآمد نہ کرنے والے ڈسٹری بیوٹرز اور ایجنسی ہولڈرز کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ خلاف ورزی ثابت ہونے پر ان کے لائسنس معطل اور ایجنسیاں سیل کی جائیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:رٹ برقرار نہ رہی تو ریاست بھی نہیں بچے گی،وزیراعظم افتخار گیلانی

عوامی حلقوں نے واضح کیا ہے کہ نہ تو من مانی قیمتوں پر گیس کی فروخت قابل قبول ہے اور نہ ہی مقررہ نرخوں پر فروخت سے گریز کرتے ہوئے سپلائی بند کرنا کسی صورت درست ہے۔

عوامی حلقوں نے حکومت اور انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طورپر مداخلت کرکے عوام کو اس مصنوعی قلت اور بحران سے نجات دلائیں۔