وادی نیلم : موسم سرما کی پہلی برفباری، پہاڑوں نے سفید چادراوڑھ لی،الرٹ جاری

شاردا(کشمیر ڈیجیٹل) وادی نیلم میں بارش جبکہ بالائی نیلم، گریس ویلی اور شونٹھر ویلی سمیت بلند پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ 

تازہ برفباری کے باعث وادی کے بلند و بالا پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ قدرتی حسن نے وادی کے حسن کو مزید دوبالا کر دیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سرینگر: طوفانی برفباری، بانڈی پورہ روڈ بند، زمینی رابطہ منقطع

برف باری کے باعث نیلم ویلی کے مشہور سیاحتی مقامات رتی گلی ٹاپ، نوری ٹاپ اور شونٹھر ویلی کے لنک روڈز ٹریفک کیلئے بند ہو گئیں جس کے باعث ان علاقوں تک زمینی رسائی متاثر ہے۔

دوسری جانب کیرن، شاردا، اڑنگ کیل اور کیل سمیت دیگر سیاحتی مقامات تک آمدورفت جاری ہے، جہاں سیاح برف پوش پہاڑوں، سرسبز وادیوں اور قدرت کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کا پرامن ماحول سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ہے، وزیراعظم افتخار گیلانی

ضلعی انتظامیہ کے مطابق شاہراہ نیلم مظفرآباد سے تاوبٹ تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بحال ہے۔

موسم کی صورتحال کے پیش نظر سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بالائی علاقوں کا رخ کرنے سے قبل سڑکوں کی صورتحال معلوم کریں اور دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

وادی نیلم میں بارش اور برف باری نے موسم سرما کی آمد کا احساس مزید گہرا کر دیا ہے، جبکہ برف پوش پہاڑوں کے دلکش مناظر سیاحوں اور قدرتی حسن کے دلدادہ افراد کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔