جامعہ پونچھ کا1.8 ارب کا بجٹ منظور، نئے پروگرامز متعارف کرائے جائیں، صدر نجیب نقی

اسلام آباد:آزادکشمیر کے صدر ڈاکٹر نجیب نقی خان کی زیر صدارت جامعہ پونچھ راولاکوٹ کا 34واں سینیٹ اجلاس ہوا جس میں 1.8 ارب روپے کا بجٹ متفقہ طور پر منظور کیا گیا جبکہ صدر نے جامعہ کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے نئے پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کردی ۔

اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں صدر ریاست نے کیو ایس ایشین یونیورسٹی رینکنگز میں آزاد کشمیر بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر وائس چانسلر کو مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیں:آئین، قانون اور عوامی مفاد مقدم ،امن و مان یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرینگے، نجیب نقی

اجلاس کے آغاز میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ کیو ایس ایشین یونیورسٹی رینکنگ میں یونیورسٹی آف پونچھ نے آزاد کشمیر میں پہلی اور ملک بھر میں 35ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

چانسلر نے اس کامیابی پر وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ مشکل حالات کے باوجود جامعہ کی یہ کامیابی قابلِ تحسین ہے اور اس کے پیچھے اساتذہ و انتظامیہ کی مسلسل محنت کارفرما ہے۔

سینیٹ نے مالی سال 2026-27 کے لیے جامعہ کے 1.8 ارب روپے کے بجٹ کی متفقہ طور پر منظوری دی۔

 وائس چانسلر ڈاکٹر زکریا ذاکر کا کہنا تھا کہ بجٹ میں تعلیمی، انتظامی اور ترقیاتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے وسائل مختص کیے گئے ہیں، تاکہ تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کو تقویت ملے، ادارہ جاتی نظم و نسق مزید مستحکم ہو اور جامعہ کے ترقیاتی اہداف کی تکمیل کی راہ ہموار ہو سکے۔

سینیٹ نے آزاد جموں و کشمیر پبلک سیکٹر یونیورسٹیز ایکٹ 2026 کی روشنی میں سنڈیکیٹ، سینیٹ، اکیڈمک کونسل اور سلیکشن بورڈ سمیت جامعہ کے مختلف اعلیٰ فورمز کیلئے ممبران کی نامزدگیوں کی توثیق کرتے ہوئے منظوری دی۔

چانسلر نے ہدایت کی کہ جامعہ تعلیمی اور تحقیقی معیار کو مزید بلند کرنے پر توجہ دے اور ایسے نئے تعلیمی پروگرام متعارف کرائے جو علاقائی اور صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ ہوں، تاکہ طلبہ عملی میدان میں کامیابی کے لیے درکار مہارتوں سے آراستہ ہو کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف پونچھ ایک معتبر تعلیمی ادارہ ہے اور پونچھ سمیت پورے آزاد کشمیر کی ترقی میں اس کا کردار نہایت اہم ہے۔

صدر ریاست و چانسلر کو بتایا گیا کہ جامعہ میں انتظامی امور بدستور جاری ہیں اور تدریسی و تحقیقی سرگرمیاں بہت جلد مکمل طور پر بحال کر دی جائیں گی۔ اجلاس کے اختتام پر سینیٹ ممبران کی جانب سے تعلیمی معیار، مؤثر نظم و نسق، تحقیق کے فروغ اور جامعہ کی مسلسل ترقی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: کالعدم ایکشن کمیٹی کے دھرنوں سے جامعہ کشمیر کے طلبہ کا تعلیمی نقصان

 سینیٹ اجلاس میں رکن آزاد جمّوں کشمیر قانون ساز اسمبلی محترمہ فرزانہ یعقوب، سیکرٹری صدارتی اُمور سردار ظفر خان،  ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر امتیاز حسین، سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر (ر) ڈاکٹر غلام غوث، ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر غلام نبی، ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے نامزد نمائندے ڈاکٹر آصف حسین، نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر سائر سرور، ڈائریکٹر جنرل آڈٹ حکومت آزاد جموں و کشمیر محمد سعید اللہ خان نیازی، صدر سدھن ایجوکیشن کانفرنس سردار شہزیب شبیر خان، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن و سیکرٹری فنانس حکومت آزاد جموں و کشمیر کے نمائندگان، رجسٹرار جامعہ پونچھ و سیکرٹری سینیٹ پروفیسر ڈاکٹر عبد الخالق، ڈاکٹر ماجد محمود، ڈاکٹر جنید رحیم اور محترمہ کنول محمود نے شرکت کی۔