مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) حکومت کی جانب سے سرکاری اور غیر سرکاری ونجی سکولز اور کالجز کو جاری ایس او پیز کی خلاف ورزی پر عبدالغنی انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنس کالج سیل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق عبدالغنی انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنس کالج کے طلباء نے کالعدم ایکشن کمیٹی کےساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی ، ریلی نکالنے پر مظفرآباد انتظامیہ متحرک ہوگئی ۔
انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے سکول وکالجز کو اس بات کا پابند کیا گیا تھا کہ وہ کالعدم ایکشن کمیٹی کی حمایت میں طلباو طالبات کو استعمال نہیں کرینگے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کوٹلی ،پنجیڑہ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں کی فائرنگ ،رینجرز و پولیس کے 5اہلکار زخمی
طلباو طالبات ریاست کا اثاثہ ہیں انہیں کسی قسم کی سیاسی معاملات کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا ، تعلیم ریاست کی ذمہ داری ہے اور طلباء وطالبات اپنے بہتر مستقبل کیلئے علم کے حصول کیلئے جامعات میں زیر تعلیم ہیں ۔
ذرائع کے مطابق مجسٹریٹ مظفرآباد نے حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی، عوامی ایکشن کمیٹی کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالنے پر عبدالغنی انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائینس کالج مظفرآباد کو سیل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کالعدم قرار دی گئی عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ جڑے شر پسند عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر میں بارشوں، برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی، الرٹ جاری
حکومت اور انتظامیہ نے تعلیمی اداروں کو سیاسی و انتظامی کشمکش سے دور رکھنے کیلئے پہلے سے ایس او پیز جاری کردیئے تھے ۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ طلباء کے مستقبل کو داؤ پر لگانے کے بجائے معاملات کو سنجیدگی، برداشت اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔




