آزادکشمیر کے ضلع کوٹلی کے علاقے پنجیرہ بازار میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح عناصر کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
میرپور پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع کوٹلی کے علاقے پنجیرہ بازار میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کالعدم ایکشن کمیٹی کے کارندوں کی طرف سے قائم کردہ رکاوٹوں اور خود ساختہ غیر قانونی چیک پوسٹوں کو کلیئر کرنے کے لیے کارروائی جاری تھی کہ اس دوران مسلح عناصر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر بلا اشتعال فائرنگ کر دی۔
یہ بھی پڑھیں:سی ایم ایچ فعال ہے،راولاکوٹ انتظامیہ نے کالعدم ایکشن کمیٹی کا پروپیگنڈا مسترد کردیا
فائرنگ کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پانچ اہلکار، حوالدار ندیم انجم ( پاکستان رینجرز )، نائیک مناف ( پاکستان رینجرز )، سپاہی فضل احمد ( پاکستان رینجرز ) ، سب انسپکٹر خاور ( آزاد کشمیر پولیس) اور ایس جی رفاقت ( آزاد کشمیر پولیس) شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس میرپور کا کہنا ہےکہ اس واقعے سے ایک بار پھر کالعدم ایکشن کیٹی کے پر امن ہونے کے نام نہاد بیانیے کی تردید ہوتی ہے اور اس کا پر تشدد رد چہرہ عیاں ہوتا ہے۔
ایسے بزدلانہ جملوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے حوصلے ہرگز پست نہیں ہوں گے اور وہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں ثابت قدم رہیں گے۔واقعے میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور کسی کو بھی قانون سے بالا تر نہیں سمجھا جائے گا۔
پولیس کی طرف سے ایک بار پھر واضح کیا گیا ہے کہ قانون کی عمل داری ، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ریاستی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی جائے گی۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنے فرائض کی ادائیگی کے لیے پر عزم ہیں اور دیر پا امن، قانون کی بالا دستی اور عوام کا تحفظ اولین ذمہ داری اور فریضہ ہے۔




