محکمہ موسمیات کی جانب سے آزادکشمیر سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں آج سے بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلےکی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج کی شام یا رات ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونےکا امکان ہے جس کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی اور خطہ پوٹھوہار میں 12 اور 13 نومبرکوبارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آزادکشمیر کشمیر گلگت بلتستان اورخیبر پختونخوا میں آج سے 14 نومبر تک بارش اور پہاڑوں پربرفباری ہوسکتی ہے جب کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 11 اور 12 نومبر کو بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزادکشمیر کے ضلع وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ سمیت ریاست بھر میں 10 سے 14 نومبر کے دوران وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، سکردو، ہنزہ اور گلگت میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وادی کشمیر: پہاڑیوں پر برفباری، سردی کی شدت بڑھ گئی
خیبر پختونخوا میں آج سے 14 نومبر کی صبح تک پشاور، دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، لکی مروت، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، چکوال، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، مری اور گردونواح میں ہلکی بارش متوقع ہے جبکہ 12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ اور دیگر اضلاع میں مزید بارش کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ 12 نومبر کو ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں بھی چند مقامات پر ژالہ باری کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو محتاط رہنے اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنےکی ہدایت کی ہے۔




