وادی نیلم، فوڈ اتھارٹی کا بڑا کریک ڈاؤن، مضر صحت اشیاء تلف، دکانداروں پر جرمانے

نیلم(کشمیر ڈیجیٹل)وادی نیلم میں عوام کو معیاری اور ملاوٹ سے پاک اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کی تین روزہ خصوصی چیکنگ مہم مکمل ہو گئی۔

 چلہانہ سے کیل تک مختلف علاقوں کے بازاروں میں موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے اشیائے خوردونوش کی جانچ پڑتال کی گئی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فوڈ اتھارٹی ٹیم کا سماہنی میں خصوصی آپریشن، متعدد خلاف ورزیوں پر جرمانے

فوڈاتھارٹی نےغیر معیاری اور زائدالمیعاد اشیاء کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں روپے جرمانے عائد کئے جبکہ مضرِ صحت اشیاء تلف کر دی گئیں۔

آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کی موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے ضلع نیلم کے مختلف بازاروں میں تین روزہ خصوصی چیکنگ مہم کے دوران چلہانہ، جورا، باڑیاں، کنڈل شاہی، آٹھمقام، لوات، کیرن، دواریاں، دودھنیال، شاردہ اور کیل سمیت مختلف علاقوں کا معائنہ کیا۔

مہم کے دوران دودھ، خوردنی تیل، مصالحہ جات، جوسز اور پینے کے پانی سمیت مختلف اشیائے خوردونوش کے نمونے موقع پر ٹیسٹ کئےگئے تاکہ ملاوٹ اورغیر معیاری خوراک کی فوری نشاندہی کی جا سکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فوڈ اتھارٹی کی برنالہ، کڈالہ میں کارروائیاں، غیرمعیاری آئل پر جرمانے، وارننگ جاری

فوڈ اتھارٹی ٹیم نے ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز، بیکریوں، جنرل اسٹورز، فوڈ پوائنٹس اور دیگر کاروباری مراکز کا معائنہ کیا۔ صفائی کے ناقص انتظامات، گندے برتنوں اور فوڈ ہینڈلنگ کے اصولوں کی خلاف ورزی پر اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے، جبکہ غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ اشیاء کی فروخت پر متعلقہ دکانداروں کو جرمانے اور وارننگز دی گئیں۔