ایکشن کمیٹی

باغ واقعہ ،کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے فیک نیوز کا طوفان! شہریوں کا پروپیگنڈ ا کرنےوالوں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ

 مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل، رپورٹ: مدیحہ عباسی) ضلع باغ میں پیش آنے والے افسوسناک گیس سلنڈر دھماکے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف اکاؤنٹس کے ذریعے مبینہ جعلی اور غیر مصدقہ خبریں پھیلانے کا سلسلہ جاری ہے۔ 
بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اس واقعے کو سیکیورٹی اداروں سے منسلک کرتے ہوئے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں، حالانکہ پولیس کی تحقیقات تاحال جاری ہیں اور ابھی تک کسی حتمی نتیجے یا ذمہ دار فریق کا تعین نہیں کیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:باغ سانحہ: شہری نے کالعدم ایکشن کمیٹی کے مبینہ پروپیگنڈے پر خاموشی توڑ دی

باغ واقعے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات اور الزامات کے تناظر میں مظفرآباد کے شہریوں کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔

 کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے کہا کہ کسی بھی افسوسناک واقعے کے فوری بعد بغیر تصدیق کے سیکیورٹی اداروں کو موردِ الزام ٹھہرانا درست نہیں۔

 جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں، کسی بھی دعوے کو حتمی حقیقت کے طور پر پیش کرنے سے گریز کیا جانا چاہیے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جعلی خبریں اور غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے عوام میں خوف، بے چینی اور انتشار پیدا ہوتا ہے۔

 ایسے حساس معاملات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے تاکہ کسی ادارے یا فرد کے خلاف بے بنیاد الزامات نہ پھیلائے جائیں۔

مظفرآباد کے عوام نے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا پر جان بوجھ کر جعلی خبریں پھیلانے اور اشتعال انگیز مواد کے ذریعے عوام میں انتشار پیدا کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر تحقیقات میں کسی فرد یا گروہ کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئیں تو ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:باغ دھماکہ:کالعدم ایکشن کمیٹی کا منفی پروپیگنڈہ،پولیس کاحقائق سامنے لانے کا اعلان

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے بھی مطالبہ کیا کہ باغ سانحے کی تحقیقات شفاف اور غیر جانب دارانہ انداز میں مکمل کرکے اصل حقائق جلد عوام کے سامنے لائے جائیں تاکہ افواہوں اور قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوسکے۔