بھمبر:آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی بھمبر کی ٹیم نے تحصیل سماہنی اور چوکی کے مختلف علاقوں میں فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی فیلڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کا مقصد خوراک کی تیاری، فروخت اور ترسیل سے وابستہ کاروباری مراکز میں حفظانِ صحت کے مطلوبہ معیار کو یقینی بنانا تھا۔
فیلڈ آپریشن کے دوران بیکریوں کے کارخانوں، فاسٹ فوڈ پوائنٹس اور اسنیکس و پاپڑ ڈسٹری بیوشن مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر فوڈ ہینڈلرز کی ذاتی صفائی ستھرائی، پیداواری مقامات کی عمومی صورتحال، اشیائے خورونوش کی تیاری کے انتظامات اور فرائنگ آئل کے معیار کو موقع پر آئل ٹیسٹومیٹر کے ذریعے چیک کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:فوڈ اتھارٹی کا برنالہ، کڈالہ میں کارروائیاں، غیر معیاری آئل پر جرمانے، وارننگ جاری
اسی طرح موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری (MFTL) کی سہولت سے جوسز اور پینے کے پانی کے نمونے موقع پر حاصل کرکے ان کی جانچ کی گئی، تاکہ دستیاب سہولیات کے مطابق خوراک اور مشروبات کے معیار کا جائزہ لیا جا سکے۔
معائنے کے دوران ناقص صفائی، فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی اور رجسٹریشن کے قانونی تقاضے پورے نہ کرنے سمیت مختلف بے ضابطگیاں سامنے آئیں، جن پر متعلقہ فوڈ بزنس آپریٹرز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
فوڈ اتھارٹی ٹیم کی جانب سے خلاف ورزیوں کے تدارک اور آئندہ فوڈ سیفٹی قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے متعلقہ کاروباری مراکز کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:برطانوی شہری نے اے آئی کی مدد سے 3سال پرانا مقدمہ جیت لیا، جرمانہ منسوخ
فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق عوام کو معیاری، محفوظ اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلع بھمبر کے مختلف علاقوں میں فیلڈ آپریشنز اور معائنوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




