بھمبر (کشمیر ڈیجیٹل)وزیر صحت آزادکشمیر ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کا دورۂ سماہنی، ٹی ایچ کیو ہسپتال کو ماڈل ہسپتال بنانے، سرجری کے آغاز اور طبی ماہرین کی تعیناتی کا اعلان۔
بی ایچ یو بنڈالہ کو آر ایچ سی کا درجہ دینے، نئی ایمبولینسز کی فراہمی اور جنڈی چونترہ سول ڈسپنسری میں ڈاکٹر کی تعیناتی کے احکامات جاری۔چنار فری ڈائیلائسز سنٹر کی خدمات کو سراہا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی۔
وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے ممبر قانون ساز اسمبلی حلقہ سماہنی چوہدری محمد رزاق کی دعوت پر تحصیل سماہنی کا تفصیلی دورہ کیا۔
جس کے دوران انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سماہنی سمیت بنڈالہ، ڈب ویلی، جنڈی چونترہ، چوکی اور پونا کے مختلف طبی مراکز کا معائنہ کیا۔
وزیر صحت نے طبی سہولیات کی دستیابی، عملے کی ضروریات اور عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
وزیر صحت نے ٹی ایچ کیو ہسپتال سماہنی کو جدید سہولیات سے آراستہ اور مکمل فعال بنا کر ماڈل ہسپتال کی صورت میں ترقی دینے کے عزم کا اظہار ۔
جلد سرجری شروع کرنے، گائناکالوجسٹ، میڈیکل اسپیشلسٹ اور دیگر ضروری طبی عملے کی تعیناتی کے لیے اقدامات کا اعلان کیا۔
وزیرصحت آزادکشمیر نے سماہنی اور بنڈالہ کیلئے نئی ایمبولینسز کی فراہمی، بی ایچ یو بنڈالہ کو رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) کا درجہ دینے اور وہاں عملے کی کمی دور کرنے کا بھی اعلان کیا۔
ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے جنڈی چونترہ سول ڈسپنسری میں ڈاکٹر کی تعیناتی کے احکامات جاری کرتے ہوئے ڈب ویلی سمیت دیگر صحت مراکز میں درپیش مسائل کے حل، طبی سہولیات میں اضافے کی یقین دھانی کروائی۔
انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے موبائل میڈیکل کیمپس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
اس موقع پر وزیر صحت نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر کے سو روزہ تعمیر و ترقی اور اصلاحاتی پروگرام کے تحت شعبہ صحت میں بہتری لانے کیلئے پرعزم ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کوٹلی:60سرکاری و نجی ہسپتالوں، کلینکس کا فائر سیفٹی سروے مکمل ،آلات کی تنصیب کا حکم
طبی اداروں کی استعداد کار میں اضافے اور عوام کو معیاری علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سماہنی کے طبی مراکز کا دورہ کرنے کا مقصد زمینی حقائق کا جائزہ لینا، مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے ترجیحات کا تعین کرنا ہے۔
عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے گا۔
دورے کے دوران وزیر صحت نے ٹی ایچ کیو ہسپتال سماہنی میں قائم چنار فری ڈائیلائسز سنٹر کا خصوصی معائنہ کیا
گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو مفت ڈائیلائسز کی سہولت فراہم کرنے پر سنٹر کی انتظامیہ اور ٹیم کی خدمات کو سراہا۔ انسانی خدمت کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر صحت نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی اور ان سے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیر صحت نے مختلف طبی مراکز میں موجود عوامی شکایات سنیں اور متعلقہ افسران کو موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں اور مراکز صحت میں مریضوں کو سہولیات کی فراہمی، صفائی ستھرائی، طبی عملے کی دستیابی اور علاج معالجے کے معیار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
ممبر قانون ساز اسمبلی حلقہ سماہنی چوہدری محمد رزاق نے وزیر صحت کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سماہنی کے عوام کو بھی دیگر علاقوں کی طرح معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے صحت عامہ سے متعلق مسائل کے حل اور طبی اداروں کو فعال بنانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔دورے کے دوران وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے بی ایچ یو بنڈالہ کا معائنہ کیا۔
جہاں انہیں مرکز صحت کی ضروریات سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر سابق ڈی جی اطلاعات راجہ اظہر اقبال ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل بھمبر و جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) ضلع بھمبر راجہ غلام ربانی اور دیگر عمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ہٹیاں بالا: پے درپے سانحات، حکومتی لاپرواہی سامنے آگئی
وزیر صحت نے بنڈالہ مرکز صحت کو آر ایچ سی کا درجہ دینے اور سہولیات میں اضافے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں انہوں نے سابق ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال خان کی رہائش گاہ پر منعقدہ ضیافت میں شرکت کی۔
وزیر صحت نے جنڈی چونترہ میں دربار بابا شادی شہید پر حاضری دی اور ملحقہ سول ڈسپنسری کا معائنہ کرتے ہوئے ڈاکٹر کی تعیناتی کے احکامات جاری کئے۔
بعد ازاں ممبر ضلع کونسل نائیک محمد سلیم کی دعوت پر ان کی رہائش گاہ پر منعقدہ ٹی پارٹی میں شرکت کی، جس میں سابق ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ مقصود احمد خان بھی موجود تھے۔
انہوں نے ڈب ویلی سول ڈسپنسری سمیت چوکی اور پونا کے صحت مراکز کا بھی دورہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈی ایچ او بھمبر اور محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی وزیر صحت کے ہمراہ تھے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے مختلف طبی مراکز کے مسائل کے جائزے اور سہولیات کی فراہمی سے متعلق اعلانات کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اعلان کردہ اقدامات پر جلد عمل درآمد سے سماہنی کے عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔




