معاشی خوشحالی کے نئے راستے کھولنے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی،افتخار گیلانی

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ ریاست میں سیاحت کا فروغ محض تفریحی مقامات کی ترقی تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کا بنیادی مقصد قدرتی حسن، ثقافتی شناخت، تاریخی ورثے اور جنگلی حیات کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ مقامی آبادی کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا بھی ہے۔ 

وزیراعظم نے واضح کیا کہ ایکو ٹورازم کو فروغ دے کر آزاد کشمیر کی قدرتی خوبصورتی برقرار رکھنے اور معاشی خوشحالی کے نئے راستے کھولنے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

 افتخار گیلانی کی زیر صدارت محکمہ سیاحت کا اجلاس میں ریاست میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ، ایکو ٹورازم کے امکانات، مقامی سطح پر روزگار کی فراہمی اور جنگلی حیات کے تحفظ سمیت اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر کا پرامن ماحول سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ہے، وزیراعظم افتخار گیلانی
اجلاس میں چیف سیکرٹری خوشحال خان، پرنسپل سیکرٹری سردار عدنان خورشید، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ارشاد احمد قریشی، سیکرٹری سیاحت رفاقت مغل اور ڈائریکٹر جنرل سیاحت راجہ شاہد حسین نے شرکت کی۔

 وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کشمیر کی منفرد ثقافت، روایات اور تاریخی ورثے کے تحفظ کو سیاحتی ترقی کا لازمی حصہ بنایا جائے تاکہ ترقیاتی سرگرمیوں کے دوران ریاست کی اصل شناخت متاثر نہ ہو۔

وزیراعظمنے جنگلی حیات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماحول کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آزاد کشمیر کے سیاحتی مقامات کی بہتری اور ترقی کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :رٹ برقرار نہ رہی تو ریاست بھی نہیں بچے گی،وزیراعظم افتخار گیلانی

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سیاحت کے شعبے میں ہونے والی ترقی کے ثمرات مقامی آبادی تک پہنچانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور مقامی افراد کو معاشی سرگرمیوں میں شریک کیا جائے۔

افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت آنے والی نسلوں کو ایک سرسبز، شاداب اور قدرتی حسن سے مالا مال کشمیر ورثے میں دینا چاہتی ہے، جس کیلئے ماحول دوست سیاحت کا فروغ ناگزیر ہے۔