اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) امیرجماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ حکومت فوری طور پراپنے اور دیگر پونچھ ڈویژن میں لگے ناکے ختم کرائے،6ماہ گزر گئے 10لاکھ لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے،پونچھ کے بحران سے دشمن فائدہ اٹھا رہا ہے،بھارت اور اسرائیل کو شادیانے بجانے کا موقع نہ دیا جائے، حکومت فوری طور پر ‘فیکٹ فائنڈنگ اینڈری کنسیلیشن کمیشن تشکیل دے تاکہ اس مسئلے کا جلد از جلد حل نکل سکے۔
اسکول، کالجز، میڈیکل کالج اور پونچھ یونیورسٹی کی بندش کی وجہ سے طلبہ اور عوام شدید متاثر ہو رہے ہیں، حکومت اپنا موثر کردار ادا کرے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے۔
یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم کا حافظ نعیم کو فون، جماعت اسلامی کا مارچ ملتوی کرنے کا عندیہ
پونچھ کے بحران کے حل کے حوالے سے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر جلد کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد کرے گی۔
ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے ان خیالات کا اظہار پونچھ کے بحران کے حل کے حوالے سے منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں سابق امراجماعت اسلامی عبدالرشید ترابی، ڈاکٹر خالد محمود خان،سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان،ایڈوکیٹ سردار زاہد رفیق،سید سلیم گردیزی،ظفر حسن ظفر،سردار سجاد انور، عمران عزیز،راجہ خالد محمود خان،طارق خان،انور خان،سید ارشدبخاری اورسردار نزاکت حسین سمیت دیگر قائد ین نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ موجودہ بحران سے تحریک آزادی کشمیر کوناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :مہاجرین نشستوں بارے فیصلہ آئینی اداروں کی ذمہ داری ،ڈاکٹر مشتاق خان
دشمن اس بحران کی وجہ سے شادیانے بجا رہا ہے۔اس سلسلے میںبھارت اور اسرائیل کو شادیانے بجانے کے مواقع فراہم نہ کیے جائیں اس مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ 10 لاکھ لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ وہ فوری طور پر عوام کو ریلیف فراہم کریں۔
مشتاق خان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے جائز مطالبات پورے کیے جائیں اور میرٹ کی بنیاد پر نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا اہتمام کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت ان افراد کو رہا کرے جو بے گناہ ہیں،جن افراد نے جرم کیا ہے ان کو سزا دی جائے۔ بے گناہوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔




