کوٹلی(کشمیر ڈیجیٹل) فائر سیفٹی آلات نصب نہ کرنے والے ہسپتالوں اور کلینکس کو 15 روز میں ضروری آلات کی تنصیب کی ہدایت، عملے کو آگ بجھانے والے آلات کے استعمال کی عملی تربیت بھی فراہم کی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس کیپٹن (ر) ابرار اعظم کی خصوصی ہدایات پر محکمہ سول ڈیفنس ضلع کوٹلی نے کوٹلی، فتح پور تھکیالہ (نکیال) اور سہنسہ میں سرکاری و نجی ہسپتالوں اور کلینکس کا فائر سیفٹی سروے مکمل کر لیا ہے۔
سروے کے دوران ضلع بھر کے 60 ہسپتالوں اور کلینکس میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ انتظامیہ کو فائر سیفٹی کے ضروری اقدامات کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی گئی۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس کوٹلی سردار تعظیم اختر خان کی سربراہی میں سروے ٹیم نے مختلف ہسپتالوں اور کلینکس میں آگ بجھانے والے آلات کی دستیابی، تنصیب اور استعمال کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔
طبی مراکز میں فائر سیفٹی کے حوالے سے عملے کو آلات کے درست استعمال بارے عملی تربیت دی گئی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اورمؤثر کارروائی کرتے ہوئے انسانی جانوں اور املاک کو محفوظ بنایا جا سکے۔
سروے کے دوران جن ہسپتالوں اور کلینکس میں آگ بجھانے کے ضروری آلات موجود نہیں تھے، انتظامیہ کو 15 روز کے اندر مطلوبہ فائر سیفٹی آلات نصب کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
اس اقدام کا مقصد طبی مراکز میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات کو بہتر بنانا، عملے کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا اور کسی بھی آتش زدگی کی صورت میں ممکنہ جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کرنا ہے۔
محکمہ سول ڈیفنس کے مطابق ہسپتالوں اور کلینکس میں فائر سیفٹی انتظامات کی خصوصی اہمیت ہے، کیونکہ ان مقامات پر مریضوں، معمر افراد، طبی عملے اور دیگر شہریوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔
ایسی صورتحال میں آگ لگنے کی صورت میں بروقت ردِعمل، مناسب حفاظتی آلات کی دستیابی اور عملے کی تربیت انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات نہ صرف آگ پر قابو پانے میں مدد دیتے ہیں بلکہ مریضوں اور دیگر افراد کے محفوظ انخلا میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔
فائر سیفٹی سروے کرنے والی محکمہ سول ڈیفنس کوٹلی کی ٹیم میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سردار تعظیم اختر خان، لیڈی چیف انسٹرکٹر صوبیہ صدیق، چیف انسٹرکٹر جمال علی سبحانی، انسٹرکٹر اکرام ربانی اور انسٹرکٹر حیدر علی شامل تھے۔
ہسپتالوں اور کلینکس میں فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لینے، عملے کو عملی تربیت فراہم کرنے اور ضروری آلات کی تنصیب کے لیے ہدایات جاری کرنے کے اس اقدام کو ہسپتال انتظامیہ اور عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
محکمہ سول ڈیفنس کے اس اقدام کو طبی مراکز میں حفاظتی شعور کے فروغ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔




