اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے پونچھ مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں آزادکشمیر کی سیاسی شخصیات نے شرکت کی ۔
اجلاس میں راولاکوٹ سمیت پونچھ کی موجودہ صورتحال پر غور و خوض کیاگیا، سابق صدر آزادکشمیر و سابق سفیر سردار مسعود خان کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی مذاکراتی کمیٹی قائم کر دی۔
کمیٹی میں سابق صدر آزادکشمیر سردار یعقوب خان، سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان، سردار حسن ابراہیم، ڈاکٹر خالد محمود اور بریگیڈیئر (ر) خان محمد شامل ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شاہ غلام قادر کی تین سالہ پارٹی صدارتی مدت ختم، نئی تنظیم سازی کی تیاریاں
کمیٹی تمام متعلقہ فریقین سے رابطے کرے گی اور پونچھ کی موجودہ صورتحال کے حل کے لیے قابل عمل تجاویز مرتب کرکے پیش کرے گی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ پونچھ، بالخصوص راولاکوٹ میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام فریقین طاقت کے استعمال سے گریز کریں ۔
مسائل حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ اجلاس نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین کو اعتماد میں لینے اور بامقصد مذاکراتی عمل شروع کرنے پر زور دیا۔

پونچھ کی موجودہ کشیدگی کے خاتمے، فریقین کے درمیان مذاکرات اور عوامی مسائل حل کیلئے کمیٹی تمام متعلقہ فریقین سے رابطے کرے گی۔
اجلاس میں طاقت کے استعمال سے گریز، اکتوبر 2025ء کے معاہدے پر عملدرآمد اور تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کا مطالبہ۔
اجلاس میں حکومت پاکستان اور حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا گیا کہ معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔
اس کے علاوہ جانی نقصان سے متاثرہ خاندانوں کے لیے معاوضے کی ادائیگی کا واضح طریقہ کار وضع کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جاپان : شدید برفباری، نظام زندگی مفلوج ، شاہراہیں بند اور ٹرین سروس معطل
اجلاس کے شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ عوامی حقوق کی تحریک کو ریاست مخالف یا دہشتگردی کی تحریک بننے سے روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
عام شہریوں کی زندگی کے معمولات بحال کرنے اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو بھی ریاستی و انتظامی ترجیحات میں شامل کرنے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ایکشن کمیٹی اپنے طے شدہ دائرہ کار اور حدود میں رہتے ہوئے تمام متنازعہ معاملات کے حل میں کردار ادا کرے۔
جبکہ عوامی مطالبات اور انتخابات سے متعلق معاملات پر مشاورت اور مذاکرات کے ذریعے تمام فریقین کے لیے قابل قبول حل تلاش کیا جائے۔
تعلیمی اداروں کی مسلسل بندش اور طلبہ کے تعلیمی نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تعلیمی سرگرمیوں کی فوری بحالی اور تعلیمی نقصان کے ازالے کیلئے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں راولاکوٹ میں موجود مسلح افراد کو بھی مذاکراتی عمل میں شامل کرنے اور ان کے ساتھ بات چیت کے ذریعے مسئلے کے حل کیلئے اقدامات کرنے پر زور دیا گیا۔
اجلاس نے ریاست جموں و کشمیر کے تاریخی، سیاسی اور جغرافیائی تشخص، تحریک آزادی، 1947ء کے تاریخی پس منظر، 4 اکتوبر 1947ء کی انقلابی حکومت اور 24 اکتوبر 1947ء کو آزاد حکومت کے قیام کے تاریخی تناظر میں ریاستی تشخص اور حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔




