ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان نمائند گی سے محروم

پاکستان چیمپئنز کی ٹیم یو اے ای میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز لیگ کے تیسرے سیزن میں شرکت سے محروم ہوگئی ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے این او سی جاری نہ کیے جانے کے باعث قومی سابق کرکٹرز پر مشتمل ٹیم ایونٹ کا حصہ نہیں بن سکی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی، میچ پریکٹس، اسٹیڈیم روڈ بند، ٹریفک پلان جاری

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ کے تیسرے سیزن کیلئے پاکستان چیمپئنز کو این او سی دینے سے انکار کیا ہے، جس کے نتیجے میں ٹیم کی ایونٹ میں شرکت ممکن نہیں رہی۔

 این او سی نہ ملنے کے باعث پاکستان چیمپئنز کو شیڈول کے مطابق اپنا میچ بھی کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان چیمپئنز کے متعدد کھلاڑی ایونٹ کے دوران دبئی میں موجود ہیں، تاہم بورڈ کی اجازت نہ ہونے کے باعث ٹیم باضابطہ طور پر ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکی۔

 اس صورتحال نے لیگ میں پاکستان کی نمائندگی کے حوالے سے بھی سوالات پیدا کردیے ہیں۔پاکستان چیمپئنز کی جانب سے لیگ میں شرکت نہ کرنے کا معاملہ گزشتہ سیزن کے پاک بھارت تنازع سے جوڑا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ سال ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے دوران بھارت نے پاکستان چیمپئنز کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان میچ نہیں ہو سکا تھا۔

اسی پس منظر میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں سیزن کیلئے پاکستان چیمپئنز کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بورڈ کے اس فیصلے کے نتیجے میں پاکستانی ٹیم کو رواں ایڈیشن میں شرکت سے دستبردار ہونا پڑا۔

پاکستان چیمپئنز میں سابق قومی کرکٹرز شامل ہوتے ہیں اور یہ ٹیم ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز جیسے ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرتی رہی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت کیخلاف 162 رنز کی عمدہ اننگز،ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کی شے ہوپ کی کھل کرتعریف

 اس لیگ میں ریٹائرڈ اور سابق بین الاقوامی کرکٹرز مختلف ممالک کی نمائندگی کرتے ہیں، جس کے باعث ایونٹ کو شائقین کی جانب سے خاصی توجہ حاصل ہوتی ہے۔پاکستانی ٹیم کی عدم شرکت کے باوجود لیگ کا تیسرا سیزن یو اے ای میں جاری ہے۔