ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے بھارت کے خلاف ریکارڈ ہدف کے کامیاب تعاقب میں کپتان شے ہوپ کی شاندار بیٹنگ کو سراہتے ہوئے اسے غیر معمولی کارکردگی قرار دیا ہے۔
کپتان شے ہوپ نے 162 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو قیادت فراہم کی اور بھارت کی جانب سے بنائے گئے بڑے مجموعے کے باوجود ویسٹ انڈیز کو یادگار فتح سے ہمکنار کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دورہ پاکستان کیلئے سری لنکن کرکٹ ٹیم کا پہلا دستہ اسلام آباد پہنچ گیا
شے ہوپ کی یہ اننگز اس لیے بھی خاص رہی کہ وہ بھارت کی پوری اننگز کے دوران وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دے چکے تھے۔
50 اوورز تک وکٹ کیپنگ کے بعد پیڈز پہن کر بیٹنگ کیلئے میدان میں اترنا اور پھر ایسی شاندار اننگز کھیلنا ان کی فٹنس اور صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔
ڈیرن سیمی نے کہا کہ مشکل وقت میں ذمہ داری سنبھالنا شے ہوپ کیلئے کوئی نئی بات نہیں، تاہم 50 اوورز تک وکٹ کیپنگ کرنے کے بعد بیٹنگ کیلئے آنا اور اس طرح کی غیر معمولی اننگز کھیلنا واقعی خاص کارنامہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز بھارت کی صلاحیتوں سے بخوبی واقف تھی اور ٹیم کا مقصد دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک کے خلاف اپنی کارکردگی کو جانچنا تھا۔
سیمی کے مطابق ویسٹ انڈیز نے ثابت کیا کہ اگر ٹیم طویل عرصے تک مستقل مزاجی کے ساتھ اچھی کرکٹ کھیلے تو وہ دنیا کی نمبر ون ٹیم کو بھی شکست دے سکتی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز، صاحبزادہ فرحان کپتان برقرار
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم اس تجربے سے بہت کچھ سیکھے گی۔




