نیلم:آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی ضلع نیلم کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر/فوڈ سیفٹی آفیسر سید شجاعت حسین نقوی کی سربراہی میں موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ہمراہ دو روزہ خصوصی معائنہ مہم کے دوران مختلف بازاروں میں اشیائے خورونوش کے معیار اور صفائی ستھرائی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
کارروائی کے دوران ناقص صفائی، زائدالمیعاد اشیاء اور فوڈ اتھارٹی ایکٹ کی خلاف ورزی پر متعدد فوڈ بزنس آپریٹرز (FBOs) کو جرمانے کئے گئے۔
فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے چلہانہ ویو پوائنٹ، جورا، باڑیاں، کنڈل شاہی اور صدر مقام آٹھمقام کے بازارکا تفصیلی معائنہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد کے معروف ہوٹل میں صفائی کے ناقص انتظامات پر فوڈ اتھارٹی کا سخت ایکشن
اس دوران بیکریوں، جنرل اسٹورز، کریانہ اسٹورز، سبزی و فروٹ شاپس، کولڈ ڈرنکس، کباب، پکوڑا اور سموسہ فروشوں سمیت بیکری مصنوعات تیار کرنے والے کارخانوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے موقع پر دودھ، مصالحہ جات، کوکنگ آئل، گھی، پانی، جوسز اور مختلف کولڈ ڈرنکس کے معیار کی جانچ کی گئی۔
معائنہ کے دوران ناقص و غیر معیاری کولڈ ڈرنکس اور بیکری مصنوعات تیار کرنے والے کارخانوں سے برآمد ہونے والی مٹھائی کو موقع پر تلف کر دیا گیا۔
اسی طرح پکوڑا، سموسہ اور کباب کی تیاری میں استعمال ہونے والے کوکنگ آئل کی TPC (Total Polar Compounds) ویلیو بھی موقع پر چیک کی گئی۔
مقررہ معیار سے زائد TPC ویلیو رکھنے والے استعمال شدہ آئل کو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے موقع پر تلف کر دیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران مختلف دکانداروں کو مجموعی طور پر 43 ہزار روپے نقد جرمانے کیے گئے جبکہ تقریباً 33 ہزار روپے مالیت کی مٹھائی، کوکنگ آئل اور کولڈ ڈرنکس کو ناقص معیار کے باعث تلف کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد میں فروخت ہونیوالا منرل واٹر بیکٹیریا سے آلودہ نکلا،پلانٹ سیل، سٹاک ضبط
فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے دکانداروں کو صفائی ستھرائی کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد، زائدالمیعاد اور غیر معیاری اشیائے خورونوش کی فروخت سے اجتناب اور فوڈ سیفٹی قوانین کی پابندی کی ہدایت کی۔
حکام نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بازاروں اور فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔




