تیل

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز کمی

وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز بھی کمی کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات مزید سستی کردیں۔

وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے یکم اکتوبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہےجس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 14 پیسے کی معمولی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 387 روپے 54 پیسے سے کم ہو کر 387 روپے 40 فی لیٹر قیمت مقرر ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 89 پیسے کی کمی کی گئی ہے، اس کمی کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 402 روپے 89 پیسے کم ہوکر 400 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایل پی جی کی قیمت میں بڑا اضافہ ،فی کلو 20روپے68پیسے مہنگی

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگیا جب کہ نوٹیفکیشن اگلے ایک دن یکم اکتوبر کے لیے جاری کیا گیا ہے۔

وزارت توانائی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ عالمی سطح پر پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر عوامل میں تبدیلی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز 28 ستمبر کو بھی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 27 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 56 پیسے کی کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 389 روپے 03 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 404 روپے 97 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

اس سے قبل 25 ستمبر کو حکومت نے اگلے 3 روز کے لیے 26 ستمبر سے 28 ستمبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کیا تھا، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 02 پیسے اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 391 روپے 30 فی لیٹر قیمت مقرر ہوگئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 59 پیسے کی کمی کی گئی تھی، اس کمی کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 408 روپے 53 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔