وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے سے زائد اور ہائی اسپیڈ ڈیزل ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے سے زائد کی کمی کردی ہے۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 29 ستمبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول سبسڈی سکیم 10ماہ چلانا پڑی تو جاری رکھیں گے، وزیر پیٹرولیم
نوٹیکفیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 27 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 391 روپے 30 پیسے سے کم ہو کر 389 روپے 03 فی لیٹر قیمت مقرر ہوگئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 56 پیسے کی کمی کی گئی ہے، اس کمی کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 408 روپے 53 پیسے کم ہوکر 404 روپے 97 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 29 ستمبر تک کے لیے ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ عالمی سطح پر پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر عوامل میں تبدیلی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 19 مرتبہ کمی اور 29 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 17 مرتبہ کمی ہوئی جب کہ 31 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی، آئی ایم ایف کو منا لیا ہے، وزیراعظم
اس سے قبل 25 ستمبر کو حکومت نے اگلے 3 روز کے لیے 26 ستمبر سے 28 ستمبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کیا تھا، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 02 پیسے اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 391 روپے 30 فی لیٹر قیمت مقرر ہوگئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 59 پیسے کی کمی کی گئی تھی، اس کمی کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 408 روپے 53 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔




