پاک بحریہ کا ایک اور اعزاز، بحیرہ عرب میں پہلی بار لائیو اینٹی شپ کروز میزائل کا تجربہ کامیاب

کراچی (کشمیر ڈیجیٹل)پاک بحریہ نے آبدوز ہنگور نے شمالی بحیرۂ عرب میں پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے مکمل کی۔

پی این ایس/ایم ہنگور نے طویل فاصلے تک مار کرنے والا اینٹی شپ کروز میزائل کامیابی سے فائر کیا۔

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس/ایم ہنگور کی پہلی لائیو ویپن فائرنگ کا مشاہدہ کیا، اینٹی شپ کروز میزائل نے مقررہ ہدف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاک بحریہ کی دفاعی طاقت میں تاریخی اضافہ، ’پی این ایس ہنگور‘نئی آبدوز کا کروز میزائل تجربہ

کامیاب فائرنگ سے ہنگور کے ویپن سسٹمز اور جنگی تیاری کی توثیق ہوئی، ہنگور کی کامیاب فائرنگ پاک بحریہ کی زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں اہم سنگِ میل ہے۔

نیول چیف نے پی این ایس/ایم ہنگور کی جنگی صلاحیت اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور کہا کہ زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ آپریشنل تیاری اور قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیت کے لیے ناگزیر ہے۔

پاک بحریہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پُرعزم ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاک بحریہ کی نئی آبدوز ’’ہنگور‘‘ کی پہلی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور بحری دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید جنگی صلاحیتوں سے لیس پاک بحریہ قومی بحری حدود کے تحفظ اور خطے کے امن و سلامتی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

صدرِ مملکت نے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور بحری دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کو سراہا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاک بحریہ کا سمندری سکیورٹی کیلئے اہم قدم،آپریشن ’’محفوظ البحر‘‘ شروع کر دیا

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بحری دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ملکی سمندری حدود کے مؤثر دفاع اور خطے میں امن کے قیام کے عزم کا عکاس ہے۔ یاد رہے کہ صدر زرداری اس سال 30 اپریل کو اس آبدوز کے پاکستان سپرد کرنے کی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جو چین کے شہر سانیا میں منعقد ہوئی تھی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان بحریہ اور اس کی قیادت کو فلیٹ میں شامل کی جانے والی نئی آبدوز ’’پی این ایس/ایم ہنگور‘‘ کےلائیو ویپن فائرنگ کے پہلے کامیاب تجربے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔

اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اینٹی شپ کروز میزائل کے ذریعے طویل فاصلے کے ہدف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنانا پاکستان بحریہ کی آبدوز فورس کی غیر معمولی آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور بلند جنگی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیر اعظم نے قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج کی مکمل تیاری کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔​وزیراعظم نے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور پی این ایس/ایم ہنگور کی شمولیت اور آپریشنلائزیشن کے اس عمل سے وابستہ تمام عملے کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو بھی سراہا۔