پاک بحریہ کی دفاعی طاقت میں تاریخی اضافہ، ’پی این ایس ہنگور‘نئی آبدوز کا کروز میزائل تجربہ

پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل ہونے والی نئی آبدوز ’پی این ایس ہنگور‘ نے شمالی بحیرہ عرب میں اینٹی شپ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جس سے سمندری دفاع مزید مضبوط اور ناقابل تسخیر ہو گیا ہے۔ 27 ستمبر 2026 کو ہونے والے اس تجربے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں شہباز شریف نے پاک بحریہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ تجربہ پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کا عملی مظاہرہ ہے۔ ’پی این ایس ہنگور‘ نے اپنے پہلے لائیو ویپن فائرنگ ٹیسٹ میں اینٹی شپ کروز میزائل کے ذریعے طویل فاصلے پر موجود ہدف کو انتہائی درستی سے نشانہ بنایا۔ یہ کامیاب تجربہ اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ پاک بحریہ سمندری حدود میں کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یومِ بحریہ: نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی یادگارِ شہدا پر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی

نیول چیف کا مشاہدہ اور ’ہنگور‘ کی تاریخی اہمیت:

اس اہم دفاعی سنگ میل کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے میزائل فائرنگ کے مظاہرے کا خود مشاہدہ کیا اور زیرِ آب حربی صلاحیتوں کو بڑھانے کی اسٹرٹیجک اہمیت پر زور دیا۔

واضح رہے کہ 1971 کی پاک بھارت جنگ میں ’پی این ایس ہنگور‘ ہی وہ تاریخی آبدوز تھی جس نے بھارتی بحریہ کے جنگی جہاز ’آئی این ایس کھکری‘ کو غرقاب کیا تھا۔ اب اس جدید ترین آبدوز کی شمولیت اور کامیاب میزائل تجربے سے علاقائی سطح پر طاقت کا توازن برقرار رکھنے میں مدد ملے گی اور ملکی سمندری سرحدوں کا تحفظ مزید یقینی ہو جائے گا۔