اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی سے کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بانی و ایگزیکٹو چیئرمین محمود احمد نے ملاقات کی۔
ایگزیکٹیو چیئرمین کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن محمود احمد نے وزیراعظم کو کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی تعلیمی، تربیتی اور سماجی سرگرمیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ فاؤنڈیشن کا مشن قرآن و سنت کی رہنمائی میں نئی نسل کی کردار سازی کے ذریعے ایک فلاحی معاشرے کا قیام ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مزدور یونین نے چیئرمین سی ڈی اے کو اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیا
وزیراعظم کو فاؤنڈیشن کے تعلیمی ماڈل کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی تعلیمی و تربیتی خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ معاشرے کی پائیدار ترقی کے لیے صرف جدید تعلیم کافی نہیں بلکہ علم کے ساتھ کردار، اخلاق اور ذمہ داری کا شعور بھی ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نئی نسل کی کردار سازی حکومت کی ترجیحات میں اہم مقام رکھتی ہے اور قرآن پاک کی آفاقی تعلیمات اور سیرتِ نبوی ﷺ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے نوجوان نسل میں اعلیٰ اخلاقی اقدار کو فروغ دینا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر کو مضبوط سیاسی، جمہوری اور فکری بیس کیمپ بنانا ہوگا،نثار انصر ابدالی
انہوں نے کہا کہ کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے تعلیمی شعبے میں اصلاحاتی اقدامات کو حکومت کے سو روزہ پلان کا حصہ بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو ایسی نسل کی تیاری پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی جو علم و ہنر کے ساتھ ساتھ کردار، قیادت، سماجی ذمہ داری اور قومی خدمت کے جذبے سے بھی سرشار ہو۔
قبل ازیں بریفنگ کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر کو بتایا گیا کہ CLE ماڈل کا مقصد روایتی تعلیم کے ساتھ طلبہ میں اخلاقی اقدار، سماجی ذمہ داری، قائدانہ صلاحیتوں اور عملی زندگی کے لیے ضروری مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔




