ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی، ٹویوٹا کرولا کراس بھی سستی

لاہور(کشمیر ڈیجیتل) ملک میں جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرح 18 فیصد ہونے کے بعد گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

جس کے تحت ہونڈا اٹلس کارز اور انڈس موٹر کمپنی نے اپنی ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کردی۔

ہونڈا اٹلس کارز نے دو ہفتے کی تاخیر کے بعد ہائبرڈ گاڑیوں کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ہونڈا ایچ آر وی ای: ایچ ای وی کی قیمت ایک کروڑ 3 لاکھ 69 ہزار روپے سے کم کرکے 92 لاکھ 99 ہزار روپے کردی گئی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بیرون ممالک روزگار :10لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی تربیت دینے کا ہدف مقرر

اسی طرح ہونڈا ایچ آر وی وی ٹی آئی ایس کی قیمت بھی 77 لاکھ 99 ہزار روپے سے کم کرکے 72 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے۔

کمپنی کے مطابق نئی قیمتیں محدود مدت اور محدود اسٹاک کے لیے ہوں گی، جبکہ 25 ستمبر 2026 یا اس کے بعد انوائس ہونے والے تمام آرڈرز پر نئی قیمتوں کا اطلاق ہوگا۔

دوسری جانب انڈس موٹر کمپنی نے بھی ٹویوٹا کرولا کراس کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں کمی کردی ہے۔

کمپنی نے ٹویوٹا کرولا کراس ایچ ای وی ایکس کی قیمت میں 5 لاکھ 70 ہزار روپے کمی کرتے ہوئے نئی قیمت 97 لاکھ 29 ہزار روپے مقرر کی ہے۔

اسی طرح کرولا کراس ایچ ای وی کی قیمت میں 5 لاکھ 50 ہزار روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس ماڈل کی نئی قیمت 92 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عراق پر امریکی کنٹرول ختم، امریکن سفارتخانہ مقامی انتظامیہ کے سپرد

چیری ماسٹر کے ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ سید آصف احمد کے مطابق برقی گاڑیوں پر جی ایس ٹی 25 فیصد سے کم کرکے 18 فیصد کرنے کے فیصلے سے گاڑیوں کی فروخت بحال ہونے کی توقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 25 فیصد جی ایس ٹی کے باعث گاڑیوں کی طلب میں نمایاں کمی آئی تھی اور صارفین نے حکومتی فیصلے کے انتظار میں اپنی خریداری مؤخر کردی تھی۔

صنعتی حلقوں کے مطابق ٹیکس میں کمی کے بعد گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی سے مارکیٹ میں طلب اور فروخت میں بہتری آنے کی توقع کی جارہی ہے۔