ناگرکوئل(کشمیر ڈیجیٹل) بھارتی ریاست تامل ناڈو میں سوشل میڈیا پر دولت اور قیمتی اشیا کی نمائش ایک یوٹیوبر کے لیے مبینہ طور پر سکیورٹی خطرے کا باعث بن گئی،۔
جہاں چور معروف یوٹیوبر مدھومیتا کے گھر سے تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کے سونے اور ہیرے کے زیورات سمیت نقدی لے اُڑے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چوری کی واردات ضلع کنیاکماری کے علاقے ناگرکوئل میں واقع وی آئی پی گارڈن میں ہوئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی، ٹویوٹا کرولا کراس بھی سستی
جہاں مدھومیتا اپنے شوہر ونود کمار اور بچے کے ہمراہ رہائش پذیر ہیں۔ ونود کمار الائچی کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر مدھومیتا کی سوشل میڈیا سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی معلومات کو واردات کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یوٹیوبر کی جانب سے سوشل میڈیا پر رہائش سے متعلق سوالات کے جوابات اور دیگر آن لائن مواد سے ملزمان کو گھر کی لوکیشن کے بارے میں معلومات حاصل ہوئیں۔
رپورٹس کے مطابق متاثرہ جوڑا سوشل میڈیا پر زیورات اور نقدی سمیت قیمتی اشیا کی ویڈیوز بھی شیئر کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق واردات کے روز مدھومیتا اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کپڑوں کی خریداری کے لیے گھر سے باہر گئی ہوئی تھیں۔
اسی دوران نامعلوم چوروں نے گھر کے پچھلے دروازے کو کاٹ کر اندر داخل ہونے کا راستہ بنایا اور زیورات و نقدی لے کر فرار ہوگئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بیرون ممالک روزگار :10لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی تربیت دینے کا ہدف مقرر
ابتدائی اطلاعات کے مطابق چور گھر سے 81 تولہ سونا اور لاکھوں روپے نقد لے گئے۔ مجموعی طور پر چوری کیے گئے زیورات اور دیگر قیمتی اشیا کی مالیت تقریباً ایک کروڑ بھارتی روپے بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
حکام کی جانب سے یہ بھی جانچ کی جا رہی ہے کہ آیا سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی معلومات نے چوروں کو گھر اور اہل خانہ کی نقل و حرکت کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں کوئی کردار ادا کیا۔




