پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی جگہ نئے نامزد سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی پاکستان پہنچ گئے،ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی آج صبح اسلام آباد پہنچے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی وزارتِ خارجہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (پروٹوکول) خوشان سعید نے نامزد سعودی سفیر کا استقبال کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بیرون ممالک روزگار :10لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی تربیت دینے کا ہدف مقرر
اس موقع پر سعودی ناظم الامور نائف بن حمود بن ملافخ بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق سعودی سفارت خانے کا دیگر عملہ بھی سعودی سفیر کے استقبال کیلئے موجود تھا۔
ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی پیر سے اپنے دفتر کا چارج سنبھالیں گے،راجح بن طامی البقمی سعودی مسلح افواج میں بطور میجر جنرل خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آج اسلام آباد پہنچنے والے میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر راجح البقمی ایک سینئر سعودی سفارتکار ہیںوہ ان چند سعودی سفیروں میں شامل ہیں جنہیں دفاعی اور سکیورٹی امور میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر سمیت مختلف علاقوں میں بارشیں، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مختلف شعبوں میں مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
دفاعی شعبے میں ان کا وسیع تجربہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پہلے سے موجود مضبوط سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پاک سعودی عرب اسٹریٹجک دفاعی معاہدے 2025 اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کی تقرری اہمیت کی حامل ہے۔




