امیر مقام

مذاکرات اور مکالمے سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے : امیر مقام

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں اعلان کردہ لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں تقریباً 4 سال حکومت کی، اسے عوام کو بتانا چاہیے کہ اس عرصے کے دوران عوامی فلاح و بہبود کیلئے کیا اقدامات کیے گئے اور وفاق سے ملنے والے وسائل کہاں خرچ ہوئے؟۔

مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو اپنی صوبائی حکومت سے بھی یہ سوال کرنا چاہیے کہ وفاق کی جانب سے فراہم کئے جانے والے وسائل کو تعلیم، صحت اور سرکاری اداروں کی بہتری کیلئے کس طرح استعمال کیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں ترقی کا دور دورہ ہوگا، دھرنوں اور احتجاج سے مسائل حل نہیں ہوتے، وفاقی وزیر امیر مقام

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اس وقت دہشتگردی سمیت مختلف سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ بعض علاقوں میں بدامنی کے باعث شہریوں کی روزمرہ زندگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ موجودہ حالات میں حکومتوں کی ترجیح عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ اور ان کے مسائل کا حل ہونا چاہیے۔

 نواز شریف اور مریم نواز کے اعلانات پر عمل ہو گا، 20 ارب روپے کے پیکیج اور 100 روزہ منصوبے پر آزاد کشمیر میں حکومت عمل کرے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے واقعات میں شہری اپنے پیاروں سے محروم ہو رہے ہیں جبکہ سوات، جنوبی اضلاع اور دیگر علاقوں میں بھی عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ان حالات میں احتجاج اور لانگ مارچ کے بجائے دہشتگردی کے خاتمے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

امیر مقام نے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے ایک طویل عرصے تک خیبرپختونخوا میں حکومت کی، تاہم اب اسے اپنی کارکردگی کے بارے میں عوام کو جواب دینا چاہیے۔

ان کے مطابق عوامی مسائل کے حل کیلئے سیاست کرنیوالی جماعت کو صوبے کو ملنے والے وسائل اور ان کے استعمال سے متعلق بھی عوام کو آگاہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی سیاست کا مقصد عوامی مسائل کا حل ہے تو اسے یہ بھی بتانا چاہیے کہ خیبرپختونخوا میں عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے کیا اقدامات کئےگئے۔

پونچھ کے عوام کو نمائندگی ملنا مثبت پیغام ہے

وفاقی وزیر امور کشمیر نے آزاد کشمیر کے نومنتخب صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق پونچھ ڈویژن سے ہے اور ان کا صدر آزاد کشمیر منتخب ہونا پونچھ کے عوام کیلئے ایک مثبت پیغام ہے۔

امیر مقام نے کہا کہ پونچھ کے عوام میں ایک عرصے سے یہ احساس پایا جاتا تھا کہ وہ حکومت اور نظام سے باہر ہیں، تاہم ڈاکٹر نجیب نقی کا صدر منتخب ہونا اس احساس کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام سے ترقی اور بہتری کے حوالے سے جو وعدے کئے ہیں، ان پر کام جاری ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں پانچ دانش سکولوں کے قیام کے منصوبے پر بھی پیشرفت کی جا رہی ہے۔

احتجاج کے بجائے مذاکرات سے مسائل حل کیئے جائیں

انجینئر امیر مقام نے راولاکوٹ اور پونچھ سے تعلق رکھنے والے افراد سے احتجاج اور دھرنے ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا حل احتجاج کے بجائے بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا بوجھ بھی بالآخر عوام ہی کو برداشت کرنا پڑتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ نظام کا حصہ بن کر مسائل کے حل کیلئے بات کی جائے اور عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انجینئر امیر مقام مظفرآباد پہنچ گئے،کشمیری عوام جلد تبدیلی محسوس کرینگے،وفاقی وزیر

وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے جائز مطالبات اور مسائل پر حکومت بات چیت اور تعاون کیلئے تیار ہے، عوامی مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔