مظفرآباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب صدر ڈاکٹر نجیب نقی کو زبردست الفاظ میں مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے بعد کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے جمہوریت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، جبکہ اس موقع پر انہوں نے آزاد جموں و کشمیر اسمبلی میں موجود اپوزیشن کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر نے قائدِ پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب آزاد جموں و کشمیر میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہم نے ماضی میں بھی آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی یہاں کے عوام کی خوشحالی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر کی حکومت اور نومنتخب صدر یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی گراں قدر خدمات پیش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: انجینئر امیر مقام مظفرآباد پہنچ گئے،کشمیری عوام جلد تبدیلی محسوس کرینگے،وفاقی وزیر
امیر مقام کا مزید کہنا تھا کہ آج یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ دھرنوں اور احتجاجوں سے کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہوتا، اور ہم نے ماضی میں بھی یہی دیکھا ہے کہ اپنے ہی لوگوں کو مشکلات میں ڈالنے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ انہوں نے پونچھ میں بیٹھے افراد سے پرزور اپیل کی کہ وہ اپنے احتجاج کو ختم کر لیں، جبکہ جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنا احتجاج ختم کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ چند لوگوں کے اپنے ذاتی عزائم ہوتے ہیں جو عوام کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرتے ہیں، لہٰذا عام عوام سے گزارش ہے کہ ایسے عناصر سے مکمل طور پر دور رہیں۔




