فیصل کریم کنڈی

خیبر پختونخوامیں گورنر راج کیلئے مشاورت ہوئی ہے : فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے مشاورت ہوئی ہے جبکہ ان کے بقول موجودہ حالات میں گورنر راج کا نفاذ کوئی غیر آئینی اقدام نہیں۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں امن و امان اور پولیس کے معاملات پر بھی بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں کی تنخواہیں ملک میں سب سے کم ہیں، تاہم انہیں مناسب مراعات فراہم کیے بغیر اپنے تابع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں بھی سابق وزیراعلیٰ کی جانب سے اسی نوعیت کی کوشش کی گئی تھی۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس کو ’’ٹائیگر فورس‘‘ بنانا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق حکومت آئی جی، ڈی آئی جیز اور ڈی پی اوز کی تقرریاں بھی اپنی مرضی سے کرنا چاہتی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اس نوعیت کے ایکٹ کے خلاف وہ دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے صوبے کی مجموعی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کرپشن، لاقانونیت اور دہشتگردی کے مسائل موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہی حالات کے تناظر میں گورنر راج کے معاملے پر مشاورت کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے متعلق سوال پر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ان کے خیال میں لانگ مارچ کے لیے تحریک انصاف کی کوئی مؤثر تیاری نظر نہیں آ رہی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اسلام آباد میں موجود ہیں، جبکہ پارٹی کے بعض کارکن گرفتاریاں بھی دے رہے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا نے  مجھے لگتا ہے کہ  پی ٹی آئی آج یا کل لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کر دے گی۔