باغ (کشمیر ڈیجیٹل )اسپرنگ فیلڈ سکول اینڈ کالج باغ کی ہونہار طالبہ سیدہ اریبہ سجاد کاظمی نے ایف ایس سی سال دوم کے سالانہ امتحانات میں پری میڈیکل گروپ میں 1138 نمبرات حاصل کرکے ضلع باغ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ آزاد کشمیر بھر میں بھی نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے۔
اریبہ سجاد کاظمی اس سے قبل ایف ایس سی سال اول کے سالانہ امتحانات میں بھی ضلع باغ میں پہلی پوزیشن حاصل کرچکی ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر سپریم کورٹ میں بڑا ڈیجیٹل انقلاب لانے کا فیصلہ
کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے سیدہ اریبہ سجاد کاظمی نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ اپنے اساتذہ کرام اور والدین کی محنت، رہنمائی اور حوصلہ افزائی کو دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اسپرنگ فیلڈ سکول اینڈ کالج کی ریگولر طالبہ ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے انہیں مسلسل دوسری مرتبہ ضلع باغ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی میں ان کے اساتذہ اور والدین کی محنت کا بنیادی کردار ہے، جنہوں نے ہر مرحلے پر ان کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے طلبہ و طالبات کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے انتھک محنت، مستقل مزاجی اور لگن ضروری ہے۔
سیدہ اریبہ کا کہنا تھا کہ وہ ان شاء اللہ مستقبل میں بھی محنت کا سلسلہ جاری رکھیں گی اور مزید کامیابیاں حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔
سیدہ اریبہ سجاد کاظمی اسپرنگ فیلڈ کالج کی ابتدائی کلاسز سے ہی ادارے میں زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے میٹرک کے امتحانات میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
وہ نہ صرف تعلیمی میدان میں نمایاں ہیں بلکہ بہترین اخلاق اور محنت و لگن کے حوالے سے بھی اساتذہ میں قدر و منزلت رکھتی ہیں۔ ان کے والد بھی شعبہ تدریس سے وابستہ اور ایک بہترین استاد ہیں۔
اسپرنگ فیلڈ کالج باغ نے گزشتہ چار دہائیوں سے معیاری تعلیم کی روایت برقرار رکھتے ہوئے تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔
ادارے کی انتظامیہ کے مطابق وقت کے ساتھ ساتھ تعلیمی معیار میں مزید بہتری لانے کیلئے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:محمد شہزاد نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ قائم کر دیا
سیدہ اریبہ سجاد کاظمی کی جانب سے ایف ایس سی سال اول اور اب سال دوم کے امتحانات میں مسلسل دوسری مرتبہ ضلع باغ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ان کی مسلسل محنت اور تعلیمی عزم کا مظہر ہے۔




