پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے تیسرے راؤنڈ میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے بیٹر محمد شہزاد نے شاندار اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں پی ٹی وی اور کنگز مین اکیڈمی کے درمیان کھیلے گئے میچ میں محمد شہزاد نے اپنی دھواں دار بیٹنگ سے شائقین کرکٹ کو محظوظ کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز: اسکواش مکسڈ ڈبلز میں پاکستان کے عاصم اور مہوش علی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
انہوں نے محض 49 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی اور اس کے ساتھ ہی پاکستانی بیٹر کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
محمد شہزاد نے مجموعی طور پر 62 گیندوں کا سامنا کیا اور 12 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 114 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
ان کی اننگز میں جارحیت نمایاں رہی اور انہوں نے ابتدا ہی سے باؤلرز پر دباؤ برقرار رکھا۔ اس کارکردگی کے ساتھ محمد شہزاد نے سابق پاکستانی کپتان مصباح الحق کا ریکارڈ توڑ دیا۔
مصباح الحق نے 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف 56 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی، جو اس سے قبل کسی پاکستانی بیٹر کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیز ترین سنچری سمجھی جاتی تھی۔
محمد شہزاد کی یہ اننگز نہ صرف ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کی یادگار اننگز میں شامل ہو گئی بلکہ ان کی چھٹی فرسٹ کلاس سنچری بھی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز ، پاکستان کبڈی ٹیم تاریخ کا ناپسندیدہ ترین ریکارڈ بنا کر واپس
پی ٹی وی کی جانب سے کھیلتے ہوئے محمد شہزاد کی اس برق رفتار سنچری نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں ان کی بیٹنگ صلاحیتوں کو نمایاں کیا اور فرسٹ کلاس کرکٹ کے ریکارڈ بک میں بھی ان کا نام درج کرا دیا۔




