اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ 13 سال سے ایک صوبے کو لوٹا جارہا ہے لیکن پھر بھی تسلی نہیں ہو رہی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ ہر دوسرے دن وفاق پر حملے کی تیاری شروع کردی جاتی ہے، پی ٹی آئی کو خیبرپختونخوا کا بھی 13 سال کا حساب دینا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی لانگ مارچ، جڑواں شہروں میں موبائل سروس بند کرنے کا فیصلہ
خواجہ آصف نے سومنات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا سومنات پر 17 حملے ہوئے تھے، گنتی کرلیں کتنے ہوگئے، کتنے باقی ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا تاریخ بتاتی ہے سومنات پر بار بار حملے کیوں ہوتے تھے لیکن اسلام آباد سومنات نہیں، سوچ سمجھ کر آنا، کچھ لے کر نہیں بلکہ دے کر جاؤ گے۔
یاد رہے کہ رہنما پاکستان تحریک انصاف جنید اکبر نے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے دوران اسلام آباد کو سومنات بنانے کی دھمکی دی تھی۔
یہ بھی یاد رہےکہ اسلام آباد میں مظاہرین سے نمٹنے کیلئے پولیس کی تیاریاں جاری ہیں اوروفاقی حکومت نے مظاہرین سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد پولیس کو نیٹ لانچرز فراہم کردیے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق جدید لانچر کے ذریعے نیٹ برق رفتاری کے ساتھ مظاہرین پر پھینکا جائے گا۔ مزاحمت کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے مظاہرین کے خلاف نیٹ لانچر استعمال کیا جائے گا۔
وفاقی پولیس پی ٹی آئی کے احتجاج میں پہلی بار نیٹ لانچر کا استعمال کرے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری اور ہنگامی صورتحال میں نیٹ لانچر مؤثر ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:3اہم شخصیات نے پی ٹی آئی قیادت کو بانی سے ملاقات کی پیشکش کی تھی، ایاز صادق کا انکشاف
پولیس کے مطابق جدید نیٹ لانچر مشکل حالات میں ملزمان کو قابو کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین کو وارننگ دی گئی ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144نافذ ہےا ور دفعہ 144کی خلاف ورزی پر 3سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔




