مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کا 16 ستمبر کو میرپور میں طلب کیا گیا گورننگ باڈی کا دسواں اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔
اجلاس میں 27 ستمبر 2026 کو ہونے والے احتجاج اور لانگ مارچ میں شرکت سمیت آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر اہم فیصلے متوقع تھے۔
سیکرٹری جنرل/سیکرٹری پارلیمانی امور پی ٹی آئی آزاد کشمیر میر عتیق الرحمن کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق پارٹی کا مذکورہ اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔
سرکلر میں اجلاس ملتوی کرنے کی وجہ صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی کی مصروفیات بیان کی گئی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:قائم مقام صدر طارق فاروق سے طارق سعید،شجاع راٹھور،عدنان خالدکی ملاقات ،اہم امور پر تبادلہ خیال
ذرائع کے مطابق پارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس 16 ستمبر کو میرپور میں منعقد ہونا تھا،
جس میں آزاد کشمیر کی تنظیمی و سیاسی صورتحال کے علاوہ 27 ستمبر 2026 کو ہونیوالے احتجاج میں پارٹی کی شرکت کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی طے کی جانی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مرکزی سطح پر جاری احتجاجی سرگرمیوں کے تناظر میں پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی جانب سے ممکنہ شرکت، کارکنوں کو متحرک کرنے، تنظیمی ذمہ داریوں اور احتجاجی پروگرام کے حوالے سے مشاورت کی جانی تھی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس ملتوی ہونے کے باعث ان امور پر حتمی فیصلہ بھی مؤخر ہو گیا ہے۔ تاہم اجلاس کی نئی تاریخ کے حوالے سے فی الحال کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔
ذرائع کے مطابق صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی کی نجی مصروفیات کے باعث اجلاس کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دانش سکولوں کی تعمیر، وزیراعظم افتخار گیلانی کو بریفنگ، سہولیات فراہمی کا فیصلہ
پارٹی قیادت کی جانب سے نئی تاریخ مقرر کیے جانے کے بعد گورننگ باڈی کا اجلاس دوبارہ طلب کیا جائے گا، جس میں 27 ستمبر کے احتجاج سمیت دیگر اہم سیاسی و تنظیمی معاملات پر غور کیا جائے گا۔
سیاسی حلقوں میں پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے اس اجلاس کو اہم قرار دیا جا رہا تھا، کیونکہ 27 ستمبر کے احتجاج میں پارٹی کی ممکنہ شرکت کے حوالے سے آزاد کشمیر کی تنظیمی قیادت اور کارکنوں کی پالیسی واضح ہونے کی توقع کی جا رہی تھی۔
اجلاس ملتوی ہونے کے بعد اب پارٹی کی جانب سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان نئی مشاورت کے بعد متوقع ہے۔
واضح رہے کہ اجلاس ملتوی کرنے کے حوالے سے پارٹی کی جانب سے جاری سرکلر میں صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی مصروفیات کو وجہ قرار دیا گیا ہے،
جبکہ 27 ستمبر کے احتجاج میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلے کے لیے نئی تاریخ پر ہونے والے اجلاس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔




