میرپور(کشمیر ڈیجیٹل) عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستگی رکھنے والاجہانگیر نامی شخص کوبرطانوی خاتون کو دوستی اور شادی کا جھانسہ دیکر اس کی ذاتی تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرنے اور متعدد مرتبہ رقم وصول کے الزام میں گرفتار کرلیا
اطلاعات کے مطابق مبینہ ملزم نے ابتدائی طور پر عوامی ایکشن کمیٹی کے نام پر خاتون سے چندہ طلب کیا، تاہم بعد ازاں دوستی قائم کرکے شادی کا جھانسہ دیا اور مبینہ طور پر خاتون کی ذاتی تصاویر کو بلیک میلنگ کیلئے استعمال کرتے ہوئے مختلف اوقات میں رقم وصول کی۔
ذرائع کے مطابق برطانوی خاتون کی جانب سے میرپور پولیس کو شکایت موصول ہونے پر ایس ایس پی میرپور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی جس کے نتیجے میں مبینہ ملزم کو تین گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق پولیس کارروائی کے دوران مبینہ ملزم کے موبائل فون سے ڈیٹا ریکور کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی، جبکہ اس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔
تاہم ان تمام الزامات اور برآمدگی کی تفصیلات کی باضابطہ تصدیق اور تفتیشی نتائج سامنے آنا باقی ہیں۔واقعے کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ بعض افراد کے مبینہ کردار اور ممکنہ سہولت کاری کے حوالے سے بھی عوامی حلقوں میں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیاسی، سماجی یا عوامی پلیٹ فارم سے وابستگی کسی فرد کو قانون سے بالاتر نہیں کر سکتی۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔
الزامات ثابت ہونے کی صورت میں مبینہ ملزم سمیت کسی بھی سہولت کار کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے حساس معاملات میں متاثرہ خاتون کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کرنے کیساتھ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جانے چاہئیں۔




