سکول بند کرنا ، مریضوں کو ہسپتال جانے سے روکنا پرامن تحریک نہیں ،وزیراعظم کی کالعدم ایکشن کمیٹی پر کڑی تنقید

راولاکوٹ(کشمیر ڈیجیٹل)وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کا راولاکوٹ کے دورے کے دوران  وکلاء اورعوامی وفود کی ملاقاتیں۔ ، مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے راولاکوٹ میں پولیس دربار سے بھی خطاب کیا ،وزیر اعظم آزاد کشمیر کو کمشنر آفس پونچھ میں انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بریفنگ بھی دی گئی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ تاریخی خطہ ہے، تحریک آزادی کشمیر میں یہاں کے عوام کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

پونچھ کے غیور عوام نے ڈوگرہ سامراج کے خلاف علم بغاوت بلند کیا،عوامی فلاحی اقدامات پونچھ کی تاریخی روایات کا حصہ ہیں۔

بچے سکول اور مریض ہسپتال نہیں پہنچ پا رہے، راستے بند کرنا ہماری روایات نہیں۔ پونچھ میں حالات کی خرابی پر عوام سوچیں کہ اس کا ذمہ دار کون ہے؟

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں گورننس کا کوئی بھی مسئلہ اس حد تک سنگین نہیں کہ اس کیلئے امن و امان خراب کیا جائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شادی کا جھانسہ: برطانوی خاتون کو بلیک میل کرنیوالا کالعدم ایکشن کمیٹی کا کارندہ گرفتار

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چند افراد کے اقدامات سے نسلِ نو کا مستقبل داؤ پر لگایا جا رہا ہے، سکول بند کرنا اور مریضوں کو ہسپتال جانے سے روکنا پرامن تحریک نہیں ہو سکتی۔

وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ عوامی مطالبات کو پورا کیا گیا، آزادکشمیر میں آٹا ، بجلی سستی کی گئی ،عوامی فلاح وبہبود کیلئے حکومتیں اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے پولیس جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے امن و امان کے قیام اور ریاست کی عزت و ناموس کے تحفظ پر پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پولیس کے شہداء نے جانوں کا نذرانہ دے کر ریاست کا سر فخر سے بلند کیا،ریاست اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس جوانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آیا ہوں،ریاست کے عوام کی دعائیں، حوصلہ اور جذبہ پولیس فورس کے ساتھ ہے۔