شروع

پاکستان ہاکی فیڈریشن کا پاکستان ہاکی لیگ شروع کرنے کا اعلان

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے پاکستان ہاکی لیگ 2027 کی پہلی سہ ماہی میں شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس کیلئے شراکت داروں کے ساتھ مشاورت اور تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

پی ایچ ایف کے مطابق پاکستان ہاکی ایک نئے دور میں داخل ہونے جا رہی ہے اور ان شاء اللہ پاکستان ہاکی لیگ 2027 کی پہلی سہ ماہی میں ایکشن میں ہوگی۔فیڈریشن لیگ کو پاکستانی ہاکی کیلئے ایک اہم اور مؤثر ٹورنامنٹ بنانے کیلئے متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

فیڈریشن کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی لیگ ملک میں کھیل کی بہتری کے وسیع منصوبے کا حصہ ہوگی۔ منصوبے میں گراس روٹ سطح پر ہاکی کا فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت، پروفیشنل کوچنگ، کھیل کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور قومی کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنا شامل ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کا استعفیٰ، کپتان عماد شکیل بٹ پر 2 سال کی پابندی

پاکستان ہاکی لیگ کے انعقاد کا منصوبہ نیا نہیں۔ پی ایچ ایف 2016 سے لیگ شروع کرنے کے منصوبے پر کام کرتی رہی ہے، تاہم مختلف اجازت ناموں، شیڈولنگ اور مالی مشکلات کے باعث ماضی میں یہ منصوبہ عملی شکل اختیار نہ کرسکا۔

2022 میں بھی پاکستان ہاکی لیگ کے انعقاد کی کوششوں نے دوبارہ زور پکڑا تھا۔ اس وقت ستمبر میں ٹورنامنٹ کرانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جبکہ لاہور میں لیگ کا دفتر قائم کرنے اور سابق پی ایس ایل پراجیکٹ ڈائریکٹر سلمان سرور بٹ کو مشیر مقرر کیے جانے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں، تاہم یہ منصوبہ بھی کامیاب نہ ہوسکا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز،ہاکی مقابلوں کا شیڈول جاری،پاکستان کو مضبوط حریفوں کا سامنا

اب پی ایچ ایف نے ایک بار پھر لیگ کے منصوبے کو بحال کرتے ہوئے 2027 کی پہلی سہ ماہی کو باقاعدہ آغازکیلئےہدف مقرر کیا ہے۔ فیڈریشن کو اُمید ہے کہ لیگ کے انعقاد سے ملک میں ہاکی کے فروغ، نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور کھلاڑیوں کے لیے پیشہ ورانہ مواقع میں اضافہ ہوگا۔