ایشین گیمز،ہاکی مقابلوں کا شیڈول جاری،پاکستان کو مضبوط حریفوں کا سامنا

ایشین ہاکی فیڈریشن نے 20ویں ایشین گیمز کی ہاکی مقابلوں کا ڈرا اور شیڈول جاری کر دیاجس کے تحت پاکستان کو پول بی میں ملائیشیا، چین، عمان، ازبکستان اور تھائی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

گرین شرٹس اپنی مہم کا آغاز 20 ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کریں گےجبکہ سیمی فائنل میں رسائی کے لیے ابتدائی مرحلے میں ٹاپ 2 ٹیموں میں جگہ بنانا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز 2026ء کے لیے پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان، صاحبزادہ فرحان کپتان

ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جمعرات کو جاری کئے گئے ڈرا کے مطابق 20ویں ایشین گیمز کی مردوں کی ہاکی مقابلوں میں پاکستان کو پول بی میں رکھا گیا ہے، جہاں اس کے ساتھ ملائیشیا، چین، عمان، ازبکستان اور تھائی لینڈ بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب پول ’اے‘ میں بھارت، جاپان، جنوبی کوریا، بنگلہ دیش، سری لنکا اور انڈونیشیا کو جگہ دی گئی ہے۔

پاکستان اپنی مہم کا آغاز 20 ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کرے گا جبکہ اگلے ہی روز 21 ستمبر کو ازبکستان کا سامنا کرے گا۔

گرین شرٹس کا تیسرا گروپ میچ 24 ستمبر کو چین کے خلاف ہوگاجبکہ ابتدائی مرحلے کے آخری 2 مقابلے بالترتیب 26 ستمبر کو ملائیشیا اور 28 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلے جائیں گے۔

20ویں ایشین گیمز 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک جاپان میں منعقد ہوں گے۔ ٹورنامنٹ میں شریک 12 ٹیمیں اپنے اپنے پول میں لیگ مرحلے کے تحت ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی۔

دونوں پولز کی ٹاپ 2 ٹیمیں 1 اکتوبر کو ہونے والے سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی جبکہ باقی ٹیمیں درجہ بندی کے مقابلوں میں حصہ لیں گی۔

دونوں سیمی فائنلز کی فاتح ٹیمیں 3 اکتوبر کو گولڈ میڈل کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان ساؤتھ ایشین گیمز 2025 کی میزبانی کیلئے تیار

ایشین گیمز میں پاکستان کی شرکت ایسے وقت میں ہوگی جب قومی ٹیم ایک ماہ قبل طویل انتظار کے بعد ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں واپسی کرے گی۔

ورلڈ کپ جو 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز اور بیلجیم کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا، میں پاکستان اپنا پہلا میچ 15 اگست کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

قومی ٹیم دوسرا گروپ میچ 17 اگست کو ویلز کے خلاف کھیلے گی، جبکہ لیگ مرحلے کا سب سے بڑا مقابلہ 19 اگست کو روایتی حریف بھارت کے خلاف ہوگا۔ ایشین گیمز کو بھی پاکستان ہاکی کے لیے اپنی بحالی کے سفر میں ایک اہم امتحان تصور کیا جا رہا ہے۔