عاصم منیر

بلوچستان اور پاکستان کا حال، مستقبل ایک ہے، ہمیشہ ایک رہے گا ،فیلڈ مارشل

راولپنڈی(کشمیر ڈیجیٹل) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا، ریاست دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو اپنے غیرمتزلزل، پُرعزم اور فیصلہ کن ردعمل سے ناکام بنائے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، امن و استحکام اور ترقی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان باصلاحیت، پُرعزم، محب وطن اور باوقار عوام کی سرزمین ہے۔ صوبے میں پائیدار امن، استحکام اور واضح قومی بیانیہ بلوچستان کی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے کیلئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایرانی وزیر خارجہ کا فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ٹیلیفونک رابطہ، سفارتی کوششوں پر بات چیت

انہوں نے کہا کہ امن و استحکام کے قیام سے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے اور بلوچستان کے قدرتی وسائل کو عوامی خوشحالی میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔

بلوچستان کے نوجوان صوبے کا انتہائی باصلاحیت اور متحرک طبقہ ہیں، جنہیں بااختیار بنانا اور قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کا حقیقی مستقبل صوبے کے عوام سے وابستہ ہے۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں استعمال کرکے نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کی ترقی کو تیز کیا جا سکتا ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر بلوچستان میں بدامنی اور عدم استحکام پیدا کرنے، ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے اور ریاست و عوام کے درمیان فاصلے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مکہ دفاعی معاہدہ: فیلڈ مارشل عاصم منیر کا اسٹریٹجک ویژن، خطے میں مشترکہ سلامتی کا نیا باب

ریاست ایسے مذموم عزائم کے خلاف متحد ہے اور قومی سلامتی، امن اور ترقی کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام جاری رکھا جائے گا۔