پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کا استعفیٰ، کپتان عماد شکیل بٹ پر 2 سال کی پابندی

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے آسٹریلیا میں جاری پرو ہاکی لیگ کے دوران قومی کھلاڑیوں کو پیش آنے والے رہائش اور خوراک کے ناقص انتظامات پر احتجاجاً اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ہاکی فیڈریشن طارق بگٹی نے کہا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں ہوٹل بکنگ کے لیے وقت پر ادائیگی نہ ہونے سے کھلاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس سے عالمی سطح پر ملک کی جگ ہنسائی ہوئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس بدانتظامی کا ذمہ دار فیڈریشن نہیں بلکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ ہے جو معاملات کو درست انداز میں سنبھالنے میں ناکام رہا۔ صدر پی ایچ ایف نے مطالبہ کیا کہ اس تمام معاملے کا ہر سطح پر احتساب ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم سے متعلق سابق کپتان محمد یوسف کا حیران کن انکشاف

دوسری جانب، قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ پر دو سال کی پابندی عائد کیے جانے کی تصدیق کر دی گئی ہے، تاہم اس پابندی کی وجوہات تاہال سامنے نہیں لائی گئی ہیں۔ طارق بگٹی نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہاکی کے لیے 25 کروڑ روپے جاری کیے، لیکن ان کا کہنا تھا کہ انتظامی تاخیر نے معاملات خراب کیے۔ ذرائع کے مطابق صدر ہاکی فیڈریشن جلد ہی ان تمام معاملات کے اصل ذمہ داران کی نشاندہی کے لیے تفصیلی حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے۔

مزید پڑھیں: نیویارک میں آزاد کشمیر کی بیٹی کا بڑا اعزاز: فائزہ علی کمشنر برائے امورِ مہاجرین مقرر