پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بابر اعظم انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کریں گے،ان کی غیر موجودگی میں سلمان علی آغا قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شان مسعود بھی میچ کے لیے بالکل فٹ ہیں۔ہم پریکٹس میچ جیتے ہیں جس سے ہمارا اعتماد بڑھا ہے، پوری امید ہے کہ اچھا پرفارم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ہم فیصلہ کریں گے کہ کس کمبینیشن کے ساتھ کھیلیں گے، محمد عباس ان کنڈیشنز میں ہمارے لیے اہم بولر ہوں گے۔
شان مسعود پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے مکمل طور پر فٹ ہیں، تمام کھلاڑیوں نے بڑی محنت کر رکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:انگلینڈ کیخلاف پہلا ٹیسٹ، بابر اعظم کی شرکت میڈیکل کلیئرنس سے مشروط
سرفراز احمد نے کہا کہ بابر اعظم پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل رہے لیکن وہ فارم میں ہیں، سعود شکیل سمیت بیٹرز اچھا پرفارم کر رہے ہیں، امید ہے کہ مڈل آرڈر اچھا کھیل پیش کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ہوتے تو مختلف کمبینیشن بنانے کی کوشش کرتے، جب آپ کا اہم کھلاڑی نہیں ہوتا تو سیٹ بیک ہوتا ہے لیکن تمام کھلاڑی پر اعتماد ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم کینٹ کاؤنٹی کرکٹ کلب میں جاری تین روزہ پریکٹس میچ کے دوسرے روز بیٹنگ کرتے ہوئے دائیں ہاتھ پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر میڈیکل ٹیم نے بابر اعظم کو پریکٹس میچ کا باقی حصہ نہ کھیلنے کا مشورہ دیا۔
اگرچہ بابر اعظم کو ہیڈنگلے میں قومی ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کرتے ہوئے دیکھا گیا تاہم انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ان کی شرکت تاحال حتمی نہیں ہوئی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز آج 19 اگست سے ہوگا، سیریز کا پہلا ٹاکرا لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔
پریکٹس میچ کے سنچری میکر سعود شکیل کی فائنل الیون میں واپسی ہوگی جب کہ قومی ٹیم 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترے گی۔




