لیڈز: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شرکت میڈیکل ٹیم کی کلیئرنس سے مشروط ہوگئی۔
بابر اعظم کو گزشتہ ہفتے پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف پاکستان کے 3 روزہ پریکٹس میچ کے دوران انگلی پر گیند لگ گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:انگلینڈ کیخلاف سیریز سے قبل قومی ٹیم کو بڑا جھٹکا،بابر اعظم انجری کا شکار
یہ واقعہ 39ویں اوور کی آخری گیند پر پیش آیا، جب فاسٹ بولر مینی لَمزڈن کی تیز گیند بابر اعظم کی انگلی پر لگی۔ بابر فوراً تکلیف میں دکھائی دیے، بیٹ چھوڑ دیا اور میڈیکل اسٹاف نے انہیں طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد وہ میدان سے باہر چلے گئے۔
ایک ماہ کے دوران بابر اعظم کے ہاتھ پر گیند لگنے کا یہ دوسرا واقعہ تھا۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی ٹیسٹ سیریز کے دوران بھی انہیں ہاتھ پر گیند لگی تھی۔
بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر میڈیکل ٹیم نے بابر اعظم کو پریکٹس میچ کا باقی حصہ نہ کھیلنے کا مشورہ دیا۔
اگرچہ بابر اعظم کو ہیڈنگلے میں قومی ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کرتے ہوئے دیکھا گیا، تاہم انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ان کی شرکت تاحال حتمی نہیں ہوئی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس نے پیر کو ہیڈنگلے میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بابر کی دستیابی کا حتمی فیصلہ میچ کے روز پی سی بی کی میڈیکل ٹیم کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں:ورلڈ مکس مارشل آرٹس کپ میں سبزہلالی پرچم بلند، 11سالہ اورنگزیب تاثیر کی شاندار فتح
بابر کی فٹنس کے حوالے سے سوال پر عباس نے کہاکہ وہ کھیلیں گے یا نہیں، اس کا فیصلہ میچ کے روز کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 19 اگست سے لیڈز میں شروع ہو گا ۔




