ریڑھی لگانے والے شہریوں کیلئے ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ لازمی قرار

پشاور (کشمیر ڈیجیٹل) خیبر پختونخوا میں ریڑھیاں لگانے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ، ہر ریڑھی بان کیلئے کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن، وینڈنگ سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا۔

کے پی اسمبلی نے ریڑھی بانوں سے متعلق پروٹیکشن بل 2026 منظور کر لیا ، صوبے کے ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد ریڑھی بانوں کو پہلی بار قانونی تحفظ ملے گا۔

منظور کردہ بل کے مطابق 14 سال یا اس سے زائد عمر کا شخص ریڑھی بان کے طور پر رجسٹر ہو سکے گا، ہر ریڑھی بان کے لیے رجسٹریشن اور وینڈنگ سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انتخابی رنجش: ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی مخالفین کیخلاف سیاسی انتقام پراتر آئے

رجسٹرڈ وینڈرز کو کیو آر کوڈ پر مبنی ڈیجیٹل وینڈنگ سرٹیفکیٹ جاری ہوگا، غلط معلومات یا شرائط کی خلاف ورزی پر سرٹیفکیٹ معطل یا منسوخ کردیا جائے گا۔

بل کے متن کے مطابق ریڑھی بان کو اس کے سرٹیفکیٹ کی معطلی یا منسوخی کے خلاف اپیل کا حق دیا گیا ہے، رجسٹرڈ ریڑھی بان کو بلاجواز ہراسانی اور بےدخلی سے قانونی تحفظ ملے گا۔

وینڈنگ سرٹیفکیٹ فروخت یا منتقل کرنے پر 3 ہزار روپے تک جرمانہ عائد ہوگا، غیرقانونی تجاوزات، صفائی کی خلاف ورزی، ممنوعہ اشیا کی فروخت پر بھی کارروائی ہوگی۔

اس کے علاوہ ریڑھی بان کو ہراساں کرنے والے سرکاری اہلکار کیخلاف محکمانہ کارروائی ہوگی، دکاندار یا شہری کی جانب سے ہراسانی پر 20 ہزار روپے جرمانہ یا ایک ماہ قید ہوسکے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میر واعظ عمرفاروق ایک بار گھر میں نظر بند،گھر کا گھیرائو

متن کے مطابق ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد ریڑھی بان سالانہ 380 ارب روپے سے زائد کا کاروبار کرتے ہیں، یہ شعبہ سالانہ تقریباً 130 ارب روپے قومی معیشت میں حصہ ڈالتا ہے۔

مؤثر ریگولیشن سے سالانہ ڈھائی سے 5 ارب روپے اضافی آمدن حاصل ہو سکتی ہے، مقامی حکومتوں کے لیے اسٹریٹ وینڈرز سے متعلق یہ پہلا جامع قانونی فریم ورک ہوگا۔