خوشدل شاہ نظرانداز کئے جانے پر دلبرداشتہ،کرکٹ چھوڑنے کا عندیہ دیدیا

پاکستان کے آل راؤنڈر خوشدل شاہ نے قومی ٹیم میں مسلسل نظر انداز کیے جانے پر پاکستان کرکٹ چھوڑنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

پرانے انٹرویو کی ویڈیو دوبارہ سامنے آنے کے بعد خوشدل شاہ کے بیانات سوشل میڈیا پر زیر بحث ہیں، جس میں انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کے باوجود قومی ٹیم میں موقع نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں:انگلینڈ کے25 سالہ فاسٹ بولر جان ٹرنر کا پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

31 سالہ خوشدل شاہ نے کہا کہ انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ کو ترجیح دی اور مسلسل رنز بنائے لیکن اس کا صلہ انہیں قومی ٹیم میں واپسی کی صورت میں نہیں ملا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نچلے درمیانی نمبروں پر کھیلتے ہوئے ان کے علاوہ کسی دوسرے بیٹر نے اتنے رنز نہیں بنائے۔

خوشدل شاہ کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے پانچویں، چھٹے اور ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 800 اور 700 رنز سمیت مسلسل بڑی اننگز کھیلی ہیں جبکہ ان پوزیشنز پر کھیلنے والے دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں ان کی کارکردگی نمایاں رہی ہے۔

پوڈکاسٹ میں موجود قومی آل راؤنڈر عباس آفریدی نے بھی گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ خوشدل شاہ نے ان سے کہا تھا کہ ان کے پاس مزید صرف 3 یا 4 ماہ باقی ہیں اگر اس دوران قومی ٹیم میں واپسی کا موقع نہ ملا تو انہیں پاکستان چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑےگا۔

عباس آفریدی کے مطابق خوشدل شاہ نے کہا تھا کہ اگر وہ اب کچھ کر دکھاتے ہیں تو بہتر ہوگا، ورنہ انہیں کوئی اور راستہ اختیار کرنا پڑیگا۔

یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز،ہاکی مقابلوں کا شیڈول جاری،پاکستان کو مضبوط حریفوں کا سامنا

میزبان کی جانب سے یہ بات جذباتی ردعمل قرار دئیے جانے پر خوشدل شاہ نے کہا کہ یہ صرف جذبات کی بات نہیں بلکہ ان کے دل کی بات ہے۔اگر لوگ انہیں پسند نہیں کرتے تو یہ ان کی مرضی ہے، لیکن ان کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیے۔

خوشدل شاہ نے آخری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی گزشتہ سال ایشیا کپ کے گروپ مرحلے میں متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں کی تھی۔