ریٹائرمنٹ

انگلینڈ کے25 سالہ فاسٹ بولر جان ٹرنر کا پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

انگلینڈ کے نوجوان فاسٹ بولر جان ٹرنر نے صرف 25 سال کی عمر میں پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، یوں انجریز سے متاثرہ ان کے 5سالہ کرکٹ کیریئر کا اچانک اختتام ہوگیا۔

جان ٹرنر نے 2024 میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے دو ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے تاہم گزشتہ سال جون میں کمر میں اسٹریس فریکچرمیں مبتلا  ہونے کے بعد وہ مسلسل ایک برس سے زائد عرصے تک پروفیشنل کرکٹ سے دور رہے۔

حیران کن طور پر ریٹائرمنٹ کے وقت جان ٹرنر کے ہیمپشائر کیساتھ معاہدے میں مزید دو سال باقی تھے جبکہ گزشتہ سال کے اختتام تک وہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے ڈویلپمنٹ کنٹریکٹ کا بھی حصہ تھے۔

اس کے باوجود جان ٹرنر نے کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کی زندگی میں اگلے چیلنج کی جانب بڑھنے کا وقت آگیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز ،انگلینڈ نے اسکواڈ کا اعلان کر دیا

اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے انگلش فاسٹ بولر نے کہا کہ مسلسل انجریز، بالخصوص اسٹریس فریکچر جس نے انہیں ایک سال سے زیادہ عرصے تک میدان سے باہر رکھا، نے انہیں بطور کرکٹر اور کرکٹ سے باہر اپنی زندگی کے مستقبل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنے پر مجبور کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پروفیشنل اور بین الاقوامی کرکٹ کھیلنا ہمیشہ سے ان کا خواب تھا، جبکہ ہیمپشائر اور انگلینڈ کی نمائندگی کرنا ان کے بچپن کے خوابوں کی تکمیل تھی۔

انہوں نے کہا کہ پروفیشنل اور بین الاقوامی کرکٹ کھیلنا ہمیشہ میرا خواب رہا اور ہیمپشائر اور انگلینڈ کی نمائندگی کرنا میرے بچپن کے خوابوں کی تعبیر تھی۔ تاہم میں نے کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور یقیناً یہ میری زندگی کے مشکل ترین فیصلوں میں سے ایک ہے۔

جان ٹرنر نے 2021 میں ہیمپشائر کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔ پانچ سالہ پروفیشنل کیریئر کے دوران انہوں نے کاؤنٹی کرکٹ میں اپنی تیز رفتاری اور صلاحیتوں سے توجہ حاصل کی اور انگلینڈ کی قومی ٹیم تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز،ہاکی مقابلوں کا شیڈول جاری،پاکستان کو مضبوط حریفوں کا سامنا

اپنے کیریئر کے اختتام پر ٹرنر نے ہیمپشائر کیساتھ گزارے گئے پانچ برسوں کو اپنی زندگی کا بہترین دور قرار دیا۔ انہوں نے کاؤنٹی کی انتظامیہ، کوچنگ اسٹاف، ساتھی پلئیرز اور مداحوں کا بھرپور حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔