ایکشن کمیٹی

راولاکوٹ کے شہریوں کاامن دشمن عناصر کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ

راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل) راولاکوٹ کے شہریوں نے آزاد کشمیر، بالخصوص راولاکوٹ کے پُرامن ماحول کو خراب کرنے، عوام میں خوف و ہراس پھیلانے اور سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کرنے والے کالعدم ایکشن کمیٹی کے عناصر کے خلاف سخت کارروائی اور مؤثر کریک ڈاؤن کا مطالبہ کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر ایک پُرامن خطہ ہے جہاں کے عوام ہمیشہ امن، بھائی چارے، رواداری اور باہمی احترام کے ساتھ زندگی گزارنے کے خواہاں رہے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عوام کالعدم ایکشن کمیٹی کی منفی سرگرمیوں سے تنگ آچکے،محمد علی راٹھور ایڈووکیٹ

تاہم بعض عناصر کی مبینہ پرتشدد سرگرمیاں، خوف و ہراس پھیلانے کی کوششیں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات خطے کے امن کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔

  شہریوں کے مطابق کسی بھی فرد یا گروہ کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ قانون کو ہاتھ میں لے، اسلحے کے زور پر اپنی مرضی مسلط کرے یا عوام کے جان و مال کو خطرے میں ڈالے۔

 احتجاج اور اختلافِ رائے ہر شہری کا جمہوری حق ہے، تاہم اس حق کی آڑ میں تشدد، فائرنگ اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کی نشاندہی کرکے شواہد کی بنیاد پر بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

 انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی مطالبہ کیا کہ راولاکوٹ سمیت آزاد کشمیر بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم میں ڈمپر حادثہ ،چلہانہ کا رہائشی ڈرائیور موقع پر جاں بحق

شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ کسی قسم کی بدامنی، خوف و ہراس اور انتشار کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ریاست میں پائیدار امن، قانون کی بالادستی اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔